• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 604198

    عنوان:

    پھنسی سے نكلنے والا پانی اگر كپڑوں میں لگ جائے تو ان كپڑوں میں نماز ہوگی یا نہیں؟

    سوال:

    چند مسائل کے بارے میں

    مجھے وسوسے آتے ہیں، اس لیے چند مسائل ہیں۔ (۱) اگر کسی شخص کے چہرے یا کسی اور جگہ پر پھنسی (پمپل) ہو یا ویسے ہی کہیں سے خون یا پیپ یا پانی نکلے (چاہے تھوڑا یا زیادہ ) تو جب ہم اس پر پانی ڈالیں گے تو جو پانی جہاں جہاں سے بہہ کر جائے گا تو کیا ان تمام جگہوں کو پھر سے دھونا پڑے گا جہاں سے یہ پانی بہہ کر گیاہو اور اگر یہ پانی (جس سے ہم خون دھو رہے ہیں) کپڑے پر پڑ جائے تو کیا کپڑا ناپاک ہوجائے گا؟

    (۲) جیسے ہمارے چہرے پر پھنسی ہے اور اس میں سے تھوڑا پانی نکل رہاہے، اور ہم نے اس پانی کو نکال رہے ہیں اس سے زیادہ پاک پانی لے کر اسے دھویاتو جس پانی سے ہم نے اسے دھویا وہ کپڑا پر لگ گیا تو کیا وہ کپڑا ناپاک ہوگیا؟

    (۳) میں نے ایسے ہی چہرے پر پمپلس(پھنسی) کو پانی سے دھویا اور جس پانی سے دوھویا وہ پانی کپڑوں پر پڑا، اور کپڑا بہت گیلا ہوگیا تو کیا وہ کپڑا ناپاک ہوگیا؟

    (۴) میں نے ان کپڑوں میں نماز بھی پڑھ لی تو ان نمازوں کو کیا دہرانی ہوگی؟

    جواب نمبر: 604198

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 935-886/H=11/1442

     (۱) پھنسی وغیرہ مثلاً کسی زخم سے خون پیپ یا پانی نکلے اور بہ جائے تو وہ خون پیپ یا پانی ناپاک ہے ان پر اگر پاک پانی ڈالا اور وہ پاک پانی خون پیپ یا زخم کے پانی سے مخلوط ہوا تو وہ بھی ناپاک ہوگیا۔ اگر وہ پاک جسم یا پاک کپڑے پر لگا تو جسم اور کپڑا بھی ناپاک ہوگیا اور صورت مسئولہ میں عامةً درہم کی مقدار سے زیادہ ہی جسم اور کپڑے پر اس کا پھیلاوٴ ہوجائے گا، اس لئے جسم اور کپڑے کو ازالہٴ نجاست کرکے پاک پانی سے پاک کرنا واجب ہوگا۔

    (۲) اگر نکل کر بہ گیا تو ناپاک ہوگیا۔

    (۳) ناپاک ہوگیا۔

    (۴) بالیقین ناپاک کپڑوں میں جو نمازیں پڑھ لی ہیں اور ناپاکی مقدار عفو سے زیادہ تھی تو ان نمازوں کا دہرانا واجب ہے۔ (الف) بہشتی زیور۔ (ب) تعلیم الاسلام میں خاص طور پر پاکی ناپاکی کے مسائل دیکھتے رہیں ان شاء اللہ اس سے فائدہ ہوگا۔ اس کے باوجود کوئی مسئلہ معلوم کرنے کی ضرورت سمجھیں تو معلوم کرلیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند