• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 158839

    عنوان: اگر مسبوق نے سجدہ سہو کے سلام میں امام کی پیروی کرلی تو اب وہ کیا کرے؟

    سوال: مسبوق سجدہ سہو کے سلام میں امام کی ا تباع کر لی تو وہ کیا کرے ؟

    جواب نمبر: 158839

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 601-512/N=6/1439

    اگر نماز با جماعت میں امام سجدہ سہو کرے تو مسبوق امام کے ساتھ سجدہ سہو تو کرے گا؛ لیکن سجدہ سہو کے سلام میں امام کی پیروی نہیں کرے گا۔ اور اگر مسبوق نے جان بوجھ کر امام کے ساتھ سجدہ سہو کا سلام پھیرا تو اس کی نماز فاسد ہوجائے گی، اسے از سر نو نماز پڑھنی ہوگی۔ اور جان بوجھ کر سلام پھیرنے کا مطلب یہ ہے کہ مسبوق یہ جانتے ہوئے سلام پھیرے کہ ابھی اس کی ایک یا چند رکعتیں باقی ہیں، پس اگر کسی مسبوق نے مسئلہ نہ جاننے کی وجہ سے سلام پھیرا تو اس سے بھی نماز فاسد ہوجائے گی ، یہ بھی جان بوجھ کر سلام پھیرنا ہے اور مسئلہ نہ جاننا عذر نہ ہوگا۔

    اور اگر مسبوق نے امام کے ساتھ سجدہ سہو کا سلام بھول کر یا سہواً پھیرا یعنی: یہ سمجھا کہ میں مسبوق نہیں ہوں، میری نماز بھی مکمل ہورہی ہے تو اس میں تین صورتیں ہیں:

    پہلی صورت : مسبوق نے بھول کر امام کے السلام کہنے کے بعد السلام کہا اور اس کے بعد یاد آیا تو وہ آخر میں سجدہ سہو کرے گا۔

    دوسری صورت: مسبوق نے بھول کر ٹھیک امام کے ساتھ السلام کہا تو سجدہ سہو واجب نہ ہوگا؛ البتہ یہ صورت عام طور پر پائی نہیں جاتی یا اس کا جاننا مشکل ہے ؛ اس لیے جب تک یقین کے ساتھ اس کا علم نہ ہو ، سجدہ سہو ضرور کرے۔

    تیسری صورت:مسبوق نے بھول کر امام سے پہلے سلام پھیرا، اس کا حکم یہ ہے کہ اس صورت میں مسبوق کی نماز پر کوئی فرق نہیں آئے گا اور نہ ہی آخر نماز میں اس پر سجدہ سہو واجب ہوگا؛ لیکن یہ صورت عام طور پر پائی نہیں جاتی؛ کیوں کہ کوئی مقتدی امام سے پہلے سلام نہیں پھیرتا۔

    قولہ: ”والمسبوق یسجد مع إمامہ“: قید بالسجود؛ لأنہ لا یتابعہ فی السلام ؛ بل یسجد معہ ویتشھد، فإذا سلم الإمام قام إلی القضاء، فإن سلم فإن کان عامداً فسدت وإلا لا، ولا سجود علیہ إن سلم سھواً قبل الإمام أو معہ، وإن سلم بعد لزمہ لکونہ حینئذ منفرداً، بحر، وأراد بالمعیة المقارنة، وھو نادر الوقوع، شرح المنیة، وفیہ: ولو سلم علی ظن أن علیہ أن یسلم فھو سلام عمد یمنع البناء۔ (رد المحتار، کتاب الصلاة، باب سجود السھو، ۲:۵۴۶، ۵۴۷، ط: مکتبة زکریا دیوبند)، ثم قال: فعلی ھذا یراد بالمعیة حقیقتھا، وھو نادر الوقوع اھ، قلت: یشیر إلی أن الغالب لزوم السجود؛ لأن الأغلب عدم المعیة، وھذا مما یغفل کثیر من الناس فلیتنبہ لہ (المصدر السابق، کتاب الصلاة، آخر باب الإمامة ، ۲:۳۵۰، ط: مکتبة زکریا دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند