• معاملات >> دیگر معاملات

    سوال نمبر: 150714

    عنوان: کیا کسی انسان پر جن کا اثر ہوسکتا ہے؟

    سوال: کیا کسی انسان میں جنات (بھوت) آتے ہیں؟ یا کسی کو نقصان پہنچانا اور قتل وغیرہ کرتے ہیں؟ اگر کسی کا جن پاطاقتور ہو، اگر جن ہے تو کیسے ظاہر کیا جاسکتا ہے؟ یعنی کوئی آیت پڑھ کر کسی چیز سے، اگر واقعی انسان میں جن ہے تو یہ کیسے دکھائی دے گا؟ پہلا پوائنٹ (نقطہ) کیا جن نقصان پہنچاتے ہیں یا قتل کرتے ہیں؟

    جواب نمبر: 150714

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 996-931/M=8/1438

    کسی انسان پر خبیث جن کا اثر ہوسکتا ہے ، جن انسان کو نقصان پہنچاسکتا ہے اور اسے مار بھی سکتا ہے، حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میری امت کی موت زیادہ تر طعن اور طاعون سے ہوگی، صحابہ رضی اللہ عنہم نے عرض کیا کہ حضرت طعن تو ہم جانتے ہیں (نیزہ بازی، تلوار سے لڑنا) یہ طاعون کیا چیز ہے؟ فرمایا : ”وخز أعدائکم من الجن“ ”جو جنات تمھارے دشمن ہیں ان کا چوکا ہے“ (مسند احمد: ۴/ ۳۹۵، دار الفکر بیروت بحوالہ فتاویہ محمودیہ جلد ۳۰ص ۴۶۹مطبوعہ مکتبہ محمودیہ میرٹھ بعنوان: جنات کا اثر انسانوں پر) اگر کسی پر جن کا اثر ہو تو کسی اچھے عامل سے اس کا علاج کرانا چاہیے نیز اپنے طور پر روزانہ معوّذتین اور حضرت شیخ الحدیث زکریا رحمہ اللہ کی منزل وغیرہ پڑھ کر دم کرسکتے ہیں، عام انسان کے لیے جنات کو سمجھنا دشوار ہوتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند