• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 66515

    عنوان: کہا جاتاہے کہ جب رمضان کا چاند نظر آتاہے تو شیاطین قید کردیئے جاتے ہیں

    سوال: (۱) کہا جاتاہے کہ جب رمضان کا چاند نظر آتاہے تو شیاطین قید کردیئے جاتے ہیں۔ میں یہ پوچھنا چاہتاہوں کہ رمضان میں اگر خواب دیکھوں یا استخارہ کروں تو کیا ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ خواب کبھی شیطان کی طرف سے نہیں ہوگا، کیوکہ وہ قید میں ہیں۔کیا ہم فرض کرسکتے ہیں کہ خواب یا تو اللہ طرف سے ہے یا ہمارے نفس کی وجہ سے ، نہ کہ شیطان کی طرف سے؟ (۲) استخارہ کرنے کے لیے سب سے اچھا وقت کونساہے؟

    جواب نمبر: 66515

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 779-605/D=9/1437

     

    (۱) یہ بات توصحیح ہے کہ رمضان شریف میں شیاطین قید کر دئیے جاتے ہیں اور انسان جو خواب دیکھتا ہے وہ کبھی اللہ کی طرف سے خوشخبری اور طمانیت قلب کی چیز ہوتی ہے جیسا کہ انبیاء او راولیاء کے خواب او رکبھی شیاطین کی طرف سے بُرے خیالات کا القاء ہوتا ہے جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص بُرا یا ڈراوٴنا خواب دیکھے تو فوراً اللہ تعالی کی پناہ چاہ لے اور بائیں کروٹ پر تھو تھو کر کے دوسری کروٹ بدل کر سوجائے۔

    اور تیسرے قسم کا خواب کبھی انسان کے اپنے ذہنی پراگندہ خیالات ہوتے ہیں لہذا شیطان کے قید ہونے کے باوجود انسان جو خواب دیکھتاہے ان کے بارے میں یہ بات کہی جاسکتی ہے جو آپ نے لکھی ہے۔ لیکن ایک بات یہ بھی غور کرنے کی ہے کہ رمضان میں شیاطین کے قید کرنے کی جو بات حدیث میں آئی ہے اس میں سرکش شیاطین کے قید کرنے کا ذکر ہے، ہوسکتا ہے کہ چھوٹے موٹے شیاطین ہلکے پھلکے فساد اور بہکانے کی واردات کرنے کی چھوٹ پاتے ہوں۔

    (۲) استخارہ رات کو سوتے وقت کرنا بہتر ہے کہ استخارہ کرنے کے بعد کچھ بات چیت نہ کرے اور سو جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند