• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 24817

    عنوان: رسول یا نبی میں کیا فرق ہے؟کیا وحی صرف رسول کے ساتھ خاص ہے؟حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے رسول اور نبی دونوں الفاظ آئے ہیں، اس کی کیا اہمیت ہے؟ حبیب اور خلیل میں کیا فرق ہے؟ 

    سوال: رسول یا نبی میں کیا فرق ہے؟کیا وحی صرف رسول کے ساتھ خاص ہے؟حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے رسول اور نبی دونوں الفاظ آئے ہیں، اس کی کیا اہمیت ہے؟ حبیب اور خلیل میں کیا فرق ہے؟ 

    جواب نمبر: 24817

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 1308=1036-9/1431

    وحی رسول اور نبی دونوں کے پاس آتی ہے، رسول کا درجہ نبی سے بڑھا ہوا ہوتا ہے اور ہرسول نبی بھی ہوتا ہے، مگر ہرنبی کا رسول ہونا ضروری نہیں۔ رسول اسے کہتے ہیں جسے علاحدہ کتاب اور شریعت دی گئی ہو، جیسے حضرت ابراہیم، موسیٰ، عیسیٰ علیہم السلام اور نبی کو مستقل شریعت یا کتاب نہیں دی جاتی بلکہ وہ کسی سابق رسول کی لائی ہوئی شریعت اور کتاب پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب لوگوں کو دیتے ہیں۔
    رسول اور نبی دونوں اہم مناصب ہیں جن کے لیے اللہ تعالیٰ مخصوص بندوں کو منتخب کرتے ہیں، پس کسی کو صرف منصب نبوت دیا جاتا ہے اور کسی کو منصب نبوت کے ساتھ منصب رسالت بھی دیا جاتا ہے، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے رسول اور نبی دونوں مناصب سے سرفراز فرمایا تھا۔ 
    حبیب: کہتے ہیں محبوب کو۔ خلیل: کہتے ہیں قلبی دوست کو۔ یہ دونوں محبوبیت اور تقرب کے مخصوص مقامات ہیں جن کے لیے اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم اور حضرت محمد علیہم الصلاة والسلام کو منتخب فرمایا، محبوبیت کے لیے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اور خُلّت کے لیے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند