• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 31816

    عنوان: کوئی تکلیف اور پریشانی نہیں ہے پھر بھی بیٹھ کر نماز پڑھتا ہے تو کیا اس کی نماز ہوگی یا نہیں؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں (۱) اگر کسی شخص کو کوئی تکلیف اور پریشانی نہیں ہے پھر بھی بیٹھ کر نماز پڑھتا ہے تو کیا اس کی نماز ہوگی یا نہیں؟ (۲)کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنا کیسا ہے؟ کیا اس کے لیے کسی حدیث میں صراحتاً کوئی تفصیل ملتی ہے؟ اگر نہیں ملتی ہے ،تو پھر یہ بنگلور والے کب سے مسجد کو شادی محل بنا لیے ہیں جو بنگلور کے ہر مسجد میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ اور اس میں بھی کچھ لوگ کیا کرتے ہیں کہ صف میں کرسی رکھ کر کرسی کے آگے کھڑے ہو جاتے ہیں اور پھر رکوع کے بعد سجدہ میں جانے کے بجائے کرسی پر بیٹھ جاتے ہیں۔ امید ہے کہ اطمینان بخش جواب سے نوازیں گے۔

    جواب نمبر: 31816

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 1035=230-6/1432 جو شخص قیام ارو سجدہ پر قادر ہو تو اس کے لیے قیام فرض ہے، اگر قیام کے کچھ حصے پر قادر ہے پورے قیام پر قدرت نہیں تو جتنی دیر قیام کرسکتا ہے اتنی دیر قیام کرنا ضروری ہے، اگر سجدے پر قدرت نہیں تو ایسے شخص سے قیام ساقط ہے، قیام پر قادر نہ ہونے کی صورت میں اگر زمین پر کسی بھی ہیئت خواہ تشہد، تورک (تشہد میں عورتوں کے بیٹھنے کا طریقہ) آلتی پالتی مارکر رکوع وسجدہ کی قدرت ہو تو زمین ہی پر بیٹھ کر نماز ادا کرنا ضروی ہے، کرسی پر بیٹھ کر نماز ادا کرنا جائز نہیں۔ اگر قیام پر قدرت ہے لیکن گھٹنے کمر میں شدید تکلیف کی وجہ سے سجدہ کرنا طاقت سے باہر ہوجائے یا وہ شخص جو زمیں پر بیٹھنے پر قادر ہے مگر رکوع وسجدہ پر قدرت نہیں رکھتا تو ایسے حضرات کو زمین ہی پر بیٹھ کر نماز ادا کرنا چاہیے، کرسیوں کا استعمال کراہت سے خالی نہیں؛ کیوں کہ اس میں بلا ضرورت صفوف میں خلل، اغیار کی عبادت گاہوں سے مشابہت اور مسنون طریقہ کی خلاف ورزی پائی جاتی ہے، اگر زمین پر کسی بھی ہیئت میں بیٹھنا دشوار ہو تب کرسی پر نماز ادا کی جاسکتی ہے۔ کرسی پر بیٹھ کر نماز ادا کرتے وقت بعض لوگ رکوع میں ہاتھ کو ران پر رکھتے ہیں، اور سجدہ کی حالت میں فضا میں معلق رکھ کر اشارہ سے سجدہ کرتے ہیں ایسا کرنا درست نہیں، رکوع وسجدہ دونوں میں ہاتھ کا ران پر رہنا ضروری ہے؛ کیوں کہ اشارہ سے نماز ادا کرنے کی صورت میں شریعت نے رکوع وسجدہ میں صرف ایک ہی فرق کو ملحوظ رکھا ہے وہ یہ کہ رکوع کے مقابلے میں سجدہ میں زیادہ جھکے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند