• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 175682

    عنوان: جوتے پہن کر نماز جنازہ پڑھنا کیسا ہے؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ ذیل کے بارے میں جوتے پہن کر نماز جنازہ پڑھنا کیسا ہے؟ جبکہ وہ جوتا چپل پہن کر عام راہوں میں چلتا ہو اور ان پر کیچڑ مٹی دھول لگی ہو تو کیا تلا پاک ہے یا ناپاک اسے پہن کر نماز جنازہ اور پنجگانہ نماز پڑھنا جائز ہے یا نہیں؟ جواب عنایت فرما کر شکریہ کا موقع دیں عین نوازش ہوگی۔

    جواب نمبر: 175682

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 419-385/M=05/1441

    جوتے چپل کا نیچے والا حصہ جو زمین سے متصل ہوتا ہے اسی طرح اوپر والا حصہ کے پاک ہونے کا یقین یا ظن غالب ہو اور جگہ بھی پاک ہو، تو جوتا چپل پہن کر نماز جنازہ پڑھی جا سکتی ہے اور اگر نچلا یا اوپر کا حصہ ناپاک ہے توپہن کر پڑھنا درست نہیں ہاں جوتے سے پیر نکال کر اوپر رکھ لے اور اوپری حصہ پاک ہے تو اس طرح پڑھنا درست ہے، عام جوتے چپل پہن کر نماز پنجگانہ مسجد میں ادا کرنا، مسجد کے بے احترامی کا باعث ہے، اس سے بچنا چاہئے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند