• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 61679

    عنوان: سیاست اسلام میں ہے یا نہیں؟

    سوال: (۱) سیاست اسلام میں ہے یا نہیں؟ (۲) اور سیاست میں علمائے کرام کا حصہ لینا کیسا ہے؟ (۳) اور آج کل ووٹ کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ (۴) اور کس کو دینا بہتر ہے؟ (۵) اور جماعت اسلامی کو ووٹ دینا کیسا ہے؟

    جواب نمبر: 61679

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1185-1162/H=12/1436-U (۱) اسلام میں اسلامی سیاست ہے الاعتدال فی مراتب الرجال المعروف بہ اسلامی سیاست (اردو میں تفصیل ہے اس کو اطمینان سے ملاحظہ کرلیں۔ (۲) صحیح سیاست میں علمائے کرام کا حصہ لینا درست ہے، یعنی دلائلِ شرع کی روشنی میں غور وخوض کرکے جس قدر اور جس انداز میں حصہ لینے پر ان کو شرح صدر ہو اُس کو ملحوظ رکھ کر حصہ لیں گے۔ (۳) شہادت کی سی حیثیت ہے یعنی جتنے امدوار میدان میں ہیں ان میں سے کسی ایک کے حق میں ووٹ ڈال کر ووٹر گویا اِس کی شہادت دیتا ہے کہ میرے نزدیک سب امیدواروں میں سے یہ امیدوار مطلوبہ سیٹ اور عہدہ کا زیادہ حق دار ہے، نیز ووٹ کی حیثیت وکالت اور سفارش کی بھی ہوتی ہے۔ (۴) جس امیدوار کے متعلق اچھی طرح غور وخوض کے بعد دل گواہی دے کہ مطلوبہ سیٹ اور عہدہ کا حق ادا کرنے میں یہ امیدوار سب سے بہتر ہے اس کو ووٹ دیناچاہیے۔ (۵) جماعت اسلامی خود اپنے لیے ووٹ مانگ رہی ہے یا کسی اور دیگر شخص یا پارٹی کو سپورٹ کررہی ہے یا کچھ اور صورت درپیش ہے؟ ذمہ دارانِ جماعت اسلامی کے قلم سے پوری تفصیل لکھواکر سوال کرنا چاہیے تھا اور بہتر یہ ہے کہ مقامی علمائے کرام حالات حاضرہ وسیاستِ موجود کے کَل پُرزوں سے واقفین پارٹیوں کے احوال میں ماہرین حضراتِ اہل علم سے اپنا یہ سوال حل فرمالیں مقامی اصحابِ فتوی علمائے کرام ہی اس معاملہ میں گہرائی وگیرائی کے ساتھ رہنمائی کرسکیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند