• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 49128

    عنوان: لائبریری كے لیے مشورہ

    سوال: مجھے اپنے گھر میں دینی لائبریر ی قائم کرنا ہے تاکہ سبھی لوگوں کو دین کا علم حاصل ہوتارہے ، اس لیے مجھے کچھ کتابوں کے نام بتائیں جو ایک عام آدمی سمجھ بھی سکے اورپڑھے ، کچھ تفسیر ، حدیث ، سیرت ، اور مسائل ، دعا اور وظائف اور جو بھی آپ حضرات کو مناسب لگے ۔ براہ کرم، میری رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 49128

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1486-1486/L=1/1435-U معلوم نہیں، آپ کی لائبریری میں کتنی گنجائش ہے اور اس سے استفادہ کی کیا صورت تجویز کی ہے؛ عام آدمی کو معتبر اور مستند عالم دین کی رہنمائی ونگرانی میں ہی مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ صحیح فہم حاصل ہو، بہرحال لائبریری کے لیے چند کتابوں کے نام تحریر کرتا ہوں: تفسیر کے لیے ترجمہ شیخ الہند مع تفسیر عثمانی، آسان ترجمہ قرآن اور معارف القرآن (موٴلفہ حضرت مفتی شفیع صاحب عثمانی) ، حدیث کے لیے :معارف الحدیث، منتخب احادیث ، فضائل اعمال، سیرت کے لیے: سیرة المصطفی مکمل تین جلد، حیاة الصحابہ، اسوہٴ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم، اصح السیر، تاریخ کے لیے :تاریخ الاسلام، خلافتِ راشدہ وغیرہ۔ فقہ ومسائل کے لیے تعلیم الاسلام، بہشتی زیور، دین کی باتیں، کتاب المسائل وغیرہ، دعا اور وظائف کے لیے: حصن حصین، الدعاء المسنون، منزل حضرت شیخ زکریا، وغیرہا۔ یہ سب معتبر کتب ہیں اور آسان ہیں، مزید مقامی معتبر عالم دین سے رجوع کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند