متفرقات >> دیگر
سوال نمبر: 21975
خواب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کرنے کے لیے مجھے کیا کرنا چاہیے؟
خواب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کرنے کے لیے مجھے کیا کرنا چاہیے؟
جواب نمبر: 21975
بسم الله الرحمن الرحيم
فتوی(ھ): 934=708-5/1431
ماشاء اللہ آپ کا حوصلہ وجذبہ بہت بلند ہے أوْصَلَکُمُ اللّٰہُ إِلٰی مَرَامِکُمْ آمین، آپ رات دن میں ہرکام سنت کے مطابق کرنے کی سعی کرتے رہیں، روزانہ سورہٴ احزاب (پ۲۱ و پ۲۲) کی تلاوت کیا کریں، نیز تفسیر معارف القرآن (حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمہ اللہ تعالی) اردو ترجمہ شیخ الہند وفوائد عثمانیہ میں سورہٴ احزاب کا ترجمہ وتفسیر کو کم ازکم آدھا گھنٹہ یکسوئی سے دیکھا کریں، نشر الطیب في ذکر النبی الحبیب اور فضائل درود شریف کا مطالعہ کیا کریں، حضرت شیخ الحدیث مولانا زکریا صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ نے درود شریف کے جو صیغے فضائلِ درود شریف میں نقل فرمائے ہیں ان کو روزانہ ایک دفعہ باوضوء خوشبو لگاکر پڑھ لیا کریں، حقوق اللہ وحقوق العباد کی ادائیگی میں سعی بلیغ کا اہتمام رکھیں، اگر کچھ کوتاہی ہوئی ہو تو جلد از جلد اس کی تلافی مطلوب کرلیں ادائے عبادات میں خشوع وخضوع پیدا کرنے کی کوشش کریں، تقویٰ طہارت کو لازم پکڑیں، قلب ونظر، اعضا وزبان کی حفاظت کریں، بہشتی زیور میں ایک مضمون ہے جس کا عنوان ہے ?مرید بلکہ ہرمسلمان کو رات دن اس طرح رہنا چاہیے? اس کے تحت ڈیڑھ دو صفحہ کا جو مضمون ہے ہفتہ میں ایک دفعہ اطمینان سے اس کو پڑھ لیا کریں، اللہ پاک آپ کو اور آپ کے جمیع متعلقین کو اور ہم سب کو مقاصدِ حسنہ میں کامیابی عطا فرمائے، مکارہ سے محفوظ رکھے، سعادت دارین سے نوازے۔ آمین
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند