• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 43247

    عنوان: دوسری كمپنیوں كی مصنوعات كی برائی كرنا

    سوال: (۱) کچھ کمپنیاں ہوتی ہیں جس کا کام ہوتاہے منصوعات بنا کے دکانوں کو فروخت کرنا اور ا سے فروخت کرنے کے لیے کچھ بڑی بڑی دکانیں ، سپر مارکیٹ پہ جیسے امتیاز سپر مارکیٹ ․․․․․․․․․․․․میں لڑکوں کوماہانہ تنخواہ پر مستقل طورپر ملازم رکھتی ہیں جس پہ وہ اچھا معاوضہ دیتی ہیں اپنے منصوعات کی تشہیر کے لیے ، وہاں وہ ملازمین اپنے سامانوں کو بیچنے کے لئے اس کے مد مقابل جو دوسری کمپنیاں کے مصنوعات ہوتی ہیں ان کی برائی کرتے ہیں اور اپنے سامان کی تعریف کرتے ہیں صرف اس لیے کہ ا س کا سامان زیادہ بکے، سوال یہ ہے کہ کیا ایسا کرنا صحیح ہے؟ (۲) اسی سے متعلق پوچھنا چاہوں گا کہ کہ میں بھی ایک ایک ” فروزین فوڈ کمپنی “ کی طرف سے ایک دکان پہ اس کے سامان کی تشہیر کرتاہوں، میں سات گھنٹے کام کرتاہوں اور اگر میں زیادہ فروخت کروں تو کمپنی تنخواہ بڑھادے گی ،اسی دکان میں ایک لڑکا کام کرتاہے ، وہ کہتا ہے کہ تمہارے پیچھے میں تمہارا سامان میں فروخت کروں گا جس کے بدلے تھوڑا خرچہ پانی دیدینا تو کیا میں خوشی سے اس سے پیسہ کمیشن طورپر دے سکتاہوں؟ کیا خوشی سے ایسا کرنا صحیح ہے؟جواب کا انتظار رہے گا۔

    جواب نمبر: 43247

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 123-235/N=3/1434 (۱) دوسری کمپنیوں کا نام لے کر ان کی مصنوعات کی برائی کرنا تو مناسب نہیں البتہ اپنی کمپنی کی تیارکردہ مصنوعات واقعی فوائد وخصوصیات ذکر کرکے انھیں فروخت کرنا جائز ودرست ہے، بشرطیکہ اس میں بھی مبالغہ آرائی اور دھوکہ دہی وغیرہ سے پرہیز کیا جائے۔ (۲) اگر گھنٹوں کی شکل میں کام کا وقت اور اس کی اجرت متعین کردی جائے او رکمپنی کی طرف سے اس کی اجازت بھی ہو تو یہ معاملہ شرعاً بھی درست ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند