• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 601692

    عنوان:

    بدزبان اور نا فرمان عورت سے نبھاؤ كیسے ہو؟

    سوال:

    ایک عورت جو جھوٹ بول کر اپنے شو ہر کو اور گھر کی بد نامی کر رہی ہے۔اور بد زبان اور شوہر کی نافرمانی کرنے پر اپنے آپ کو ایک تہذیب یافتہ اور شوہر کو اپنے برابر نہیں سمجھ رہی، اس حوالے سے اسلام کیا کہتا ہے؟

    جواب نمبر: 601692

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 321-243/D=05/1442

     جھوٹ بولنا گناہ کبیرہ ہے اسی طرح بد زبانی کرنا، غیبت چغلی کرنا، ضرورت سے زیادہ باتیں کرنا یہ سب زبان کے گناہ ہیں۔ حدیث میں ہے کہ اکثر لوگ جہنم میں زبان کے گناہوں کی وجہ سے جائیں گے۔

    حضرت عقبہ بن عمار رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ملا پس میں نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ نجات کی کیا صورت ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اپنی زبان کو قابو میں رکھو، گھر سے بلا ضرورت نہ نکلو، اور اپنی خطا پر روتے رہو۔

    شوہر کی جائز باتوں میں اطاعت کرنا یعنی کہنا ماننا عورت کے لئے ضروری ہے نافرمانی کرنا گناہ ہے۔

    شوہر کے ذمہ بھی لازم ہے کہ عورت کے حقوق ادا کرے نرمی محبت سے اس کے ساتھ معاملہ کرے کسی ایسی بات کا حکم نہ کرے جو اس کی طاقت سے زاید ہو خوش اخلاقی اور حسن معاشرت کے ساتھ زندگی بسر کرے۔

    غرض دونوں ایک دوسرے کے ساتھ حسن معاشرت کو اختیار کریں کسی کی بدگوئی یا بے عزتی کا ذریعہ نہ بنیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند