• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 52485

    عنوان: میرا نکاح اگست 2013 میں مجھ سے 10 سال چھوٹی ایک خاتون سے ہوا، اور انہی کی درخواست پر، انکی پڑھائی کی وجہ سے ابھی رخصتی ہونا باقی ہے - نکاح کے بعد میں بیرونِ ملک آ گیا،

    سوال: میرا نکاح اگست 2013 میں مجھ سے 10 سال چھوٹی ایک خاتون سے ہوا، اور انہی کی درخواست پر، انکی پڑھائی کی وجہ سے ابھی رخصتی ہونا باقی ہے - نکاح کے بعد میں بیرونِ ملک آ گیا، بیوی سے فون پر رابطہ رکھنے کی کوشش کی لیکن میری بیوی کبھی کبھی چیٹنگ پر تو بات کرتی ہیں لیکن مجھ سے فون یا سکائپ پر بات کرنے میں رغبت کا اظہار نہیں کرتی اور عجیب و غریب روئیے کا مظاہرہ کرتی ہے - کبھی میری زیادہ عمر اور وزن زیادہ ہونے کی شکایت کرتی ہیں، اور اکثر میرے ای میل پیغامات کا جواب نہیں دیتیں - میرے گھر والے بھی اُن کے رویے سے خوش نہیں ہیں - میں الحمدللہ تعلیم یافتہ ہوں اور اچھی جاب کرتا ہوں اور درمیانے درجے کا خوش شکل 31 سالہ جوان ہوں- بیوی کو اپنی طرف مائل کرنے کی اپنی سی تمام کوشش کر چکا ہوں ۔میں چند ماہ بعد رخصتی کر کے انہیں اپنے پاس لانا چاہتا ہوں- لیکن اگر میری بیوی مجھے پسند نہیں کرتیں اور نیم دلی سے نکاح کروایا، جیسا کہ انکے رویے سے ظاہر ہے ، تو اس صورت میں کیا طلاق ہی اسکا واحد حل ہے ؟ راہنمائی فرمائیے - جزاک اللہ خیر

    جواب نمبر: 52485

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 896-739/L=6/1435-U طلاق ہی اس کا واحد حل نہیں ہے، آپ فون وغیرہ پر بات کرنے کے بجائے خود آکر آمنے سامنے بیٹھ کر حکمت کے ساتھ حسن معاشرت سے گذر بسر کرنے پر اس کو مطمئن کرنے کی کوشش کریں، آپ کی طرف سے اس کو کچھ غلط فہمی ہو تو اس کو دور کریں اگر یہ صورت کارگر نہ ہوسکے تو کسی موٴثر شخصیت کو بیچ میں ڈال کر بات چیت کرائیں، اگر تمام تدابیر اختیار کرنے کے باوجود وہ کسی طرح بھی ساتھ رہنے پر آمادہ نہ ہوسکے تو تمام مالی معاملات صاف کرکے صرف ایک طلاق دیدیں، تاکہ وہ اپنا نکاحِ ثانی کرلے اور آپ کو تو نکاحِ ثانی کرنے میں شرعاً کچھ مانع ہے ہی نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند