• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 610721

    عنوان: معراج كا واقعہ كس تاریخ میں پیش آیا / اسے مثل شب قدر سمجھنا 

    سوال:

    (1)         سوال : آج کل کوچھ لوگ شبِ معراج کی رات کو عبادت کرتے ہیں اور روزہ بھی رکھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ رات شب قدر کی رات کی طرح ہے تو آپ وضاحت فرمائیں

    (2)              اور شبِ معراج کے بارے میں تفصیل سے بتادیں کہ یہ رات کب آتی ہے کیا اس رات کی کوئی تاریخ متعین ہے یا نہیں؟

    جواب نمبر: 610721

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 947-717/D=08/1443

     (1)         یقیناً وہ رات جس میں واقعہ معراج پیش آیا بابركت اور مبارك تھی لیكن بعد كے سالوں میں اس متعینہ رات كی كوئی خصوصیت یقین كرنا اور ا س كا اعتقاد ركھنا حدیث و قرآن سے ثابت نہیں۔ دن میں روزہ ركھنے رات میں عبادت كرنے كی كوئی فضیلت احادیث سے ثابت نہیں‏، اس رات كو مثل شب قدر باعث فضیلت سمجھنا بھی غلط ہے كیونكہ شب قدر كی فضیلت قرآن پاك اور احادیث سے ثابت ہے۔

    (2)          شب معراج كے سلسلے میں اصحاب سیر اور محدثین سے مختلف اقوال منقول ہیں‏۔ سن‏، مہینہ اور تاریخ ہر بات میں مختلف روایات ہیں۔ ہجرت سے ایك سال یا ڈیڑھ سال پہلے یہ واقعہ پیش آیا‏۔ مہینے كے سلسلے میں بھی مختلف اقوال ہیں‏، فتاوی دارالعلوم دیوبند‏، ص: 238‏، جلد: 18 میں شامی كے حوالہ سے لكھا ہے۔

    اس پر سب كا اتفاق ہے كہ معراج بعثت كے بعد ہوئی‏، سو ایك جماعت نے اس پر اتفاق كیا كہ ہجرت سے ایك برس پہلے ہوئی‏، اور ابن حزم نے اس پر اجماع نقل كیا‏ اور كہا گیا كہ ہجرت سے پانچ برس پہلے۔ پھر اس میں اختلاف ہے كہ معراج كس مہینہ میں ہوئی‏، سو ابن اثیر اورامام نووی نے اپنے فتاویٰ میں نقل كیا كہ ربیع الاول كی ستائیس (27) تاریخ میں اور بعض نے كہا كہ ربیع الثانی میں اور كہا گیا كہ رجب میں ہوئی امام نووی نے روضہ میں بہ اتباع امام رافعی كے اس پر یقین كیا اور بعض نے كہا كہ شوال میں اور حافظ عبد الغنی قدسی نے سیرت میں اس پر یقین كیا كہ معراج ستائیس (27) رجب كو ہوئی اور اسی پر عمل ہے اہل انصار كا۔

    مذكورہ تفصیل سے معلوم ہوا كہ مختلف اقوال كے ساتھ راجح اور مشہور قول كے مطابق 27 رجب المرجب میں واقعہ معراج كا پیش آیا۔

    واقعہ معراج كی تفصیلات كے لیے نشرالطیب فی ذكر النبی الحبیب میں مذكور واقعہ معراج كا مطالعہ فرمائیں‏، یہ كتاب مولانا اشرف علی تھانوی كی تصنیف كردہ ہے۔

    اسی طرح تنویر السراج فی لیلۃ المعراج (قصہ معراج) مؤلفہ مولانا عبید اللہ اسعدی كا مطالعہ مفید ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند