• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 155073

    عنوان: شہداء اور اولیاء کی موت کے ما بین کیا فرق ہے ؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس آیت کی تفسیر میں ولا تقولوا لمن یقتل فی سبیل اللہ اموات بل احیاء...الخ الآیت.. اس آیت سے اور اس جیسی دوسری آیات جن میں شہداء کو مردہ کہنے کی ممانعت ہے اور ان کو احیاء کہا گیا ہے ...تو بعض لوگ ان آیات سے حضور صلے اللہ علیہ وسلم کے زندہ ہونے پر اسی طرح دوسرے اولیاء کے بارے میں بھی یہی عقیدت رکھتے ہیں... تو ان آیات کی تشفی بخش تفسیر بیان کریں....اور فریق مخالف کا رد بھی بیان کریں.. جزاکم اللہ

    جواب نمبر: 155073

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:60-166/B=3/1439

    انبیاء اور شہداء کے بارے میں قرآن وحدیث میں آیا ہے کہ وہ اپنی قبروں میں زندہ ہیں ، انھیں مردہ نہ کہو، انبیاء کی حیات شہداء کی حیات کے مقابلہ میں زیادہ قوی ہوتی ہے۔ اولیائے کرام کے زندہ ہونے کے بارے میں کسی حدیث سے ثبوت نہیں ملتا۔ عالم برزخ کی زندگی کے بارے میں اتنا ہی بتایا جاسکتا ہے، جتنا احادیث سے ثابت ہے۔ زیادہ تفصیلات کی نہ تو ضرورت ہے نہ ہی یہ ذریعہٴ نجات ہے۔

    -------------------------

    جواب صحیح ہے البتہ مزید یہ عرض ہے کہ حیات انبیاء علیہم السلام کا عقیدہ قطعی واجماعی ہے اور اس کا منکر گمراہ اور اہل السنة والجماعت سے خارج ہے۔ (ن)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند