• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 25453

    عنوان: صراط المستقیم کیا ہے؟ اور اس پر چلنے کے لیے طریقے کیا ہیں؟کوئی کیسے جانے گا کہ وہ صراط المستقیم پر چل رہاہے؟ براہ کرم، تفصیل سے بتائیں۔

    سوال: صراط المستقیم کیا ہے؟ اور اس پر چلنے کے لیے طریقے کیا ہیں؟کوئی کیسے جانے گا کہ وہ صراط المستقیم پر چل رہاہے؟ براہ کرم، تفصیل سے بتائیں۔

    جواب نمبر: 25453

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 2190=732-10/1431

    (۱) کتاب اللہ وسنت رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم۔
    (۲) حضراتِ صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین اور جو اکابر اولیاء اللہ بزرگان امت علمائے راسخین متّقین حضرات صحابہٴ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے سچی عقیدت اور محبت میں مضبوط قدم رکھتے ہیں، اتباع سنت کو حرزِ جان بنائے ہوئے ہیں، خلاف سنت امور اور بدعات سے نفرت رکھتے ہیں، آخرت کی طرف راغب ہیں، دنیا اور اس کی زیب وزینت سے تعلق نہیں رکھتے، ایسے ثقہ علماء واکابر کے نقش قدم کو اپنانا صراطِ مستقیم پر چلنے کا سہل راستہ ہے۔
    (۳) جب متبع سنت علماء کاملین اہل تقویٰ سے مربوط ہوجائے دنیا سے نفرت اور آخرت میں رغبت اتباعِ سنت میں مضبوط قدم رکھنے کی فکر اور لایعنی باتوں سے پرہیز کرنے کا جذبہ پیدا ہوجائے، ہرکام میں اللہ ورسول کے حکم کو مقدم رکھنا طبیعت ثانیہ بن جائے، گناہوں سے کامل نفرت ہوجائے، سب کا حق اداء کرنے کی طرف توجہ تام ہوجائے، سب کو اپنے آپ سے اچھا سمجھنے لگے اور بغیر وجہ شرعی کے دوسروں کے عیوب کے درپئے نہ ہو، تو ایسے شخص کو سمجھ لینا چاہیے کہ میں الحمد للہ صراطِ مستقیم پر چل رہا ہوں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند