• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 50078

    عنوان: یہ تو حقیقت ہے کہ ہرکام اللہ کے حکم اور اس کی مرضی سے ہوتا ہے

    سوال: میں نے بہت سے لوگوں خاص کر تبلیغی حضرات سے اُن کے بیانات میں یہ سنا ہے کہ جو بھی کرتا ہے اللہ کرتا ہے اور اللہ کے سوا کوئی کچھ نہیں کر سکتا جو بھی ہوتا ہے اللہ کے حکم اور مرضی سے ہوتا ہے مگر میرے چھوٹے سے دماغ میں یہ بات ہضم نہیں ہو رہی کہ کیسے ہم کوئی بھی نا فرمانی اللہ کے حکم اور مرضی سے کر سکتے ہیں کیونکہ یہ بھی تو سب کچھ کے دائرے میں آتا ہے میرا یہ ماننا ہے کہ ہم اس دنیا میں اپنے کئے کے لئے آزاد ہیں اور جو بھی ہم کرتے ہیں وہ ہم اپنی خوشی اور مرضی سے کرتے ہیں کیونکہ جتنے بھی نا فرمانی والے کام ہم کرتے ہیں ان میں اللہ کی مرضی اور حکم کیسے شامل ہو سکتا ہے مزید میرا یہ ماننا ہے کہ ہم اللہ کے مختاج ضرور ہیں مگر اپنی ضرورتوں کے لئے جنہیں اللہ کے سوا ہمیں کوئی نہیں دے سکتا چونکہ میرا علم اتنا نہیں ہیں اس لئے دارالافتا سے اس بارے میں مزید رہنمائی کی ضرورت ہے مجھے امید ہے کہ آپ حضرات نہایت ہی تفصیل سے میرے اس مسئلے کا جواب دیں گے تاکہ میرے جیسے مزید بھائی بہنوں کو اس بارے میں پتہ چل جائے

    جواب نمبر: 50078

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 569-458/B=5/1435-U یہ تو حقیقت ہے کہ ہرکام اللہ کے حکم اور اس کی مرضی سے ہوتا ہے خواہ دنیا میں کوئی نیک کام کرے یا معصیت وگناہ کا کام کرے وہ سب اللہ کے حکم سے ہی ہوتا ہے یعنی پہلے ہی سے اللہ نے ان امور کو لوح محفوظ میں لکھ دیا ہے اور اسی لکھے ہوئے کے مطابق سارے کام دنیامیں وقوع پذیر ہوتے ہیں، جو شخص اپنی من مانی کام کرتا ہے وہ بھی اللہ کے یہاں لکھا ہوا ہے اوراسی کے مطابق کرتا ہے، ہمیں اس کا علم بعد میں ہوتا ہے۔ چونکہ یہ تقدیر کا مسئلہ اس لیے اس میں زیادہ غور وفکر نہ کرنا چاہیے، جوکچھ ہم نے اوپر لکھ دیا ہے اس پر قناعت کرنا چاہیے اور اس پر ایمان رکھنا چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند