• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 602414

    عنوان:

    ویسٹیج نامی کمپنی میں نیٹ ورک مارکیٹنگ

    سوال:

    سوال یہ ہے کہ نیٹ ورک مارکیٹنگ کرنا کیسا ہے کیا اس میں کچھ غلط اور کچھ کمپنی صحیح ہیں، بہت سے لوگ بہت زورلگاتے اس میں جڑنے کے لے ، ایک کمپنی ویسٹیج کے نام سے بھی ہے کیا یہ سب بالکل جائز ہے یا نہیں؟ اور کن وجوہات کی وجہ سی جائز نہیں ہے ؟

    جواب نمبر: 602414

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 490-359/B=06/1442

     ویسٹیج نامی کمپنی میں جو کچھ ہوتا ہے یہ ملٹی لیول مارکیٹنگ کی شکل ہے جس میں شرعی اعتبار سے مختلف مفاسد پائے جاتے ہیں۔ مثلاً دھوکہ دہی اور غیرمتعلق شرطیں وغیرہ، نیز اس میں سامان کی خریدو فروخت بنیادی مقصد نہیں ہوتا، بلکہ فرضی فائدے بتاکر یا ان میں مبالغہ آرائی کرکے یا اہمیت دلانے کے نام پر مختلف قسم کے جھوٹ بول کر سیدھے سادھے انسانوں کو زیادہ سے زیادہ ممبر بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اور بنیادی طور پر اس کے ذریعہ اپنا کمیشن بڑھانے کا منصوبہ (ٹارگیٹ) ہوتا ہے اور بعض کمپنی تو ایسا کرتی ہے کہ آئندہ کی موہوم آمدنی کا سبز باغ دکھاکر کم قیمت کا سامان زیادہ قیمت پر فروخت کرتی ہے۔ نیز کمپنی کے اصول کے مطابق ممبر کو اس کے درجہ کے مطابق ان ممبروں کی خریداری پر بھی معاوضہ دیا جاتا ہے جن کی ممبرسازی میں اس کی کوئی محنت نہیں ہوتی، بلکہ وہ اس کے نیچے کے ممبران میں سے کسی کے بنائے ہوئے ممبر ہوتے ہیں، ان سب وجوہ کی بنا پر مذکورہ کمپنی کا ممبر سازی کرنا اور مختلف راستوں سے معاوضہ کے نام پر فوائد حاصل کرنا شرعاً جائز نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند