• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 48476

    عنوان: جنازہ کی نماز نماز ہے یا دعا ؟ اگر دعا ہے تو قیام کیوں کرنا پڑتاہے؟

    سوال: جنازہ کی نماز نماز ہے یا دعا ؟ اگر دعا ہے تو قیام کیوں کرنا پڑتاہے؟

    جواب نمبر: 48476

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1384-1369/N=12/1434-U جنازہ کی نمازبھی نماز ہے اسی لیے اس کے لیے وہ تمام چیزیں شرط ہیں جو نماز کے لیے شرط ہیں، یعنی: بدن کا پاک ہونا، کپڑے کا پاک ہونا، جگہ کا پاک ہونا، ستر کا چھپانا، قبلہ کی طرف منھ کرنا، نیت کرنا البتہ وقت اس کے لیے شرط نہیں، جنازہ جس وقت بھی تیار ہوکر آجائے اس کی نماز پڑھ سکتے ہیں، خواہ وہ طلوع آفتاب، غروب آفتاب یا زوال کا وقت ہو، البتہ اگر پہلے سے جنازہ تیار موجود ہو اور نماز پڑھی جانے سے پہلے مکروہ وقت آگیا تو مکروہ وقت میں نماز جنازہ نہ پڑھی جائے، مکروہ وقت نکل جانے کے بعد پڑھی جائے، کذا فی الدر والرد (۳/۱۰۳، ۲/۳۴، ۳۵، ط مکتبہ زکریا دیوبند) البتہ اس کی مشروعیت کا اہم وبنیادی مقصد میت کے لیے مغفرت وغیرہ کی دعا کرنا ہے، اور علامہ ابن الہمام رحمہ اللہ نے تو دعا کو نماز جنازہ کا رکن قرار دیا ہے، اگرچہ ان کی یہ رائے جمہور کی تصریحات کے خلاف ہے، خلاصہ یہ کہ نماز جنازہ بہرحال نماز ہے اور دعا اس کا ایک اہم وبنیادی مقصد ہے، اسی لیے اہل السنة والجماعت علمائے کرام نماز جنازہ کے بعد دعا کرنے سے منع فرماتے ہیں، کیونکہ یہ گویا نماز جنازہ میں اضافہ ہے اور عملی طور پر نماز جنازہ کی مشروعیت کو لغو قرار دینا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند