• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 179794

    عنوان:

    ۳۱۳/ مرتبہ اجتماعی طور پر مساجد میں آیت کریمہ پڑھنے کا حکم

    سوال:

    جب سی اے این آرسی کا معاملہ چل رہا تھا تو وہا ٹس آپ پر ایک میسج آیا کہ مکہ میں کسی صاحب نے خواب میں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا کہ آپ فرما رہے ہیں کہ ہندوستان والوں سے کہ دو کہ روزآنہ 313 مرتبہ لا الہ الا انت سبحنک انی کنت من الظلمین پڑھیں۔ہمارے متولی صاحب اسی دن 313 کھجور کی گٹھلی لا کر رکھ دیئے تب سے پابندی کے ساتھ پڑھنے کے بعد ایک صاحب بلند آواز میں دعا کرتے ہیں۔ایسا کرنا شرعاً کیسا ہے وضاحت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 179794

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:15-32/N=2/1422

     غیر نبی کا خواب حجت شرعیہ نہیں ہوتا؛ لہٰذا محض خواب کی بنیاد پر کوئی وظیفہ اختیار کرنے کی ضرورت نہیں؛ بلکہ اصل یہ ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر اللہ تعالی نے جو شریعت نازل فرمائی ہے اور آپ نے امت کے سامنے اس کا عملی نمونہ پیش فرمایا ہے، سب مسلمان اُس شریعت پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کے مطابق عمل کریں، یعنی:تمام شعبہ ہائے زندگی میں شریعت وسنت پر عمل کیا جائے بالخصوص فرائض کا اہتمام کیا جائے اورگناہوں سے پرہیز کیا جائے، جس سے امت عمومی طور پرغافل ہے ؛ لہٰذا لوگوں کوشریعت وسنت پر عمل کی ترغیب دینی چاہیے۔ نیز ۳۱۳کی تعداد مختصر ہے اور ہر شخص اپنی اپنی سہولت سے انفرادی طور پر جب چاہے، پڑھ سکتا ہے، اس کے لیے اجتماعیت کی ضرورت نہیں ؛ لہٰذا اس طرح کے مختصر وظائف کے لیے اجتماعیت بھی اختیار نہیں کرنی چاہیے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند