• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 603428

    عنوان:

    جھكتے یا بیٹھتے وقت پیشاب كا قطرہ محسوس ہونا؟

    سوال:

    کیا فرماتے ہیں مفتیان کرم اس مسئلہ میں کہ زید چند دنوں سے پیشاب کے قطرہ نکلنے کے وجہ سے پریشان ہے نماز میں دل نہیں لگتا ہر وقت گمان ہوتا ہے کہ شاید پیشابک ا قطرہ نکل گیا ہو اس بنا پر کئی وقت کی نمازیں چھوڑدیں بعض مرتبہ دیکھنے پر محسوس ہو تا ہے کہ ایک قطرہ برابر کپڑا کچا ہوگیا ہے جب بھی جھکنے یا بیٹھ کر اٹھتے وقت ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پیشاب کا قطرہ نکل گیا ہو بڑی الجھن میں ہو کہ کیا کروں برائے کرام تشفی بخش جواب مرحمت فرمائیں جس سے اس مسئلہ کا حل ہوسکے ۔

    جواب نمبر: 603428

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 574-535/M=08/1442

     جو پریشانی آپ کو لاحق ہے شریعت میں اس کا حل موجود ہے آپ کو نماز نہیں چھوڑنی چاہئے تھی، ترک نماز کا جو گناہ ہوا اس سے توبہ کریں اور فوت شدہ نمازوں کی قضاء کرلیں، اور آئندہ استنجاء کے بعد استبراء کیا کریں، یعنی پیشاب کرنے کے بعد آخری قطرہ آنے تک انتظار کیا کریں آپ کو چل کر یا کھانس کر یا بیٹھنے کے بعد اٹھ کر پیشاب کا آخری قطرہ آتا ہے تو اس طریقے کو اختیار کریں، جب آخری قطرہ آجائے اور یہ اطمینان ہوجائے کہ اب قطرہ نہیں آئے گا تو ٹشوپیپر کے ذریعہ پیشاب کے مقام کو خشک کرلیں یا پانی سے دھولیں، اس کے بعد وضو کرکے نماز پڑھیں، اگر کبھی وضو کے بعد محسوس ہوکہ قطرہ نکلا ہے اور دیکھنے کے بعد یقین ہوجائے کہ واقعی نکلا ہے تو عضو کو دُھل لیا کریں اورکپڑے میں پیشاب لگ گیا ہوتو اس حصے کو بھی دُھل لیا کریں، اگر پیشاب کا پھیلاوٴ ایک روپیہ (سکہ) کے برابر یا اس سے کم ہوتو بغیر دھوئے بھی نماز ہوجاتی ہے لیکن معلوم ہوتے ہوئے نہ دھونا مکروہ ہے اس لیے دھو لینا چاہئے اور بلاوجہ شک نہ کیا کریں، گر قطرہ آنے کی شکایت بہت زیادہ ہے تو صورت حال واضح فرماکر سوال دوبارہ کرسکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند