• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 146975

    عنوان: میں کیسے جوتوں کو دھو سکتاہوں اگر یہ ناپاک ہوجائیں؟

    سوال: جوتے کے تعلق سے کچھ سوالات ہیں: (۱) میں کیسے جوتوں کو دھو سکتاہوں اگر یہ ناپاک ہوجائیں؟ (۲) اگر جوتے میں کچھ ناپاکی (زیادہ ، یا کم) لگ جائے اور یہ سوکھ جائے تو کیا پیر ناپاک ہوجائیں گے اگر میں یہ جوتے پہنوں؟اور کیا مسجد میں داخل ہونے سے پہلے یا وضو کرنے سے پہلے مجھے اپنے پیر دھونے پڑیں گے؟ (۳) کیا بیت الخلاء سے باہر آنے کے بعد جب کہ میں باتھ روم میں چپل پہنتاہوں، میرے پیر ناپاک ہوجاتے ہیں؟کیا باتھ روم کے چپل ناپاک ہوتے ہیں؟ممکن ہے کہ استنجاء کرتے وقت کچھ قطرے اس پر گرجائے۔ براہ کرم، وضاحت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 146975

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 277-711/sn=7/1438

    اگر کسی کے جوتے میں پیشاب یا خون وغیرہ نجاست لگ جائے اور وہ جوتے کو پاک کرنا چاہتا ہے تو اس کی شکل یہ ہے کہ جوتے کو تین مرتبہ اس طرح دھوئے کہ ہرمرتبہ کے بعد اتنی دیر توقف کرے کہ جوتے سے پانی ٹپکنا بند ہوجائے یا پھر نل کے نیچے رکھ کر اتنا پانی بہادیں کہ ظن غالب ہوجائے کہ نجاست زائل ہوچکی ہے۔

    (۲) خشک پاوٴں رکھنے سے تو پاوٴں کے ناپاک ہونے کا حکم نہ لگے گا؛ البتہ اگر جوتے کے نجس حصے پر ترپاوٴں رکھا جائے اور خشک نجاست کا اثر پاوٴں کی تری کی وجہ سے پاوٴں پر ظاہر ہوجائے تو پھر پاوٴں کا وہ حصہ ناپاک ہوجائے گا، ایسی صورت میں مسجد میں داخل ہونے سے پہلے پاوٴں دھولینا ضروری ہوگا۔

    (۳) قطرات گرنے کے محض امکان سے تو ناپاک ہونے کا حکم نہ لگے گا؛ البتہ اگر قطرات گرنے کا یقین ہو تب ناپاک ہونے کا حکم لگے گا، ایسی صورت میں پاوٴں دھوئے بغیر اگر باتھ روم کا چپل پہن لے تو وہ چپل بھی ناپاک ہوجائے گا، واضح رہے کہ بیت الخلاء سے نکلنے کے بعد ناپاکی لگنے کے شبہ کی صورت میں پاوٴں دھولینا بہتر ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند