• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 149407

    عنوان: بار بار ریح خارج ہونے کی وجہ سے نماز قضا کرنا؟

    سوال: ایک شخص ریح خارج ہونے کی معذوریت میں نہیں آتا لیکن اسے ریح خارج ہونے کی شکایت ہے جیسے ایک دفعہ نماز پڑھی، نماز پڑھتے پڑھتے وضو ٹوٹ گیا اور پھر دوبارہ وضو کرکے نماز پڑھنے کی کوشش کی، لیکن دوسری دفعہ بھی وضو ٹوٹ گیا تو وہ نماز کیا وقت ختم ہونے کے بعد دوسری نماز کے وقت قضا پڑھی جاسکتی ہے؟ اور اسے گناہ تو نہیں ملے گا؟ یا نماز کا وقت قضا ہونے سے پہلے تیسری دفعہ بھی دوبارہ ضروری ہے، اور اگر تیسری دفعہ بھی وضو ٹوٹ جائے تو پھر چھوڑ دے قضا ہونے کے بعد پڑھ لے یا پھر دوہرانا لازم ہوگا؟ آخر کتنی بار دوہرائے؟

    جواب نمبر: 149407

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 788-757/M=7/1438

    اگر خروج ریح کا مرض اس درجہ نہیں ہے کہ اس کی وجہ سے وہ شخص شرعی معذور قرار پائے تو جب بھی وضو کے بعد خروج ریح کا عارضہ لاحق ہوگا وضو ٹوٹ جائے گا، اگر نماز پڑھتے ہوئے وضو ٹوٹ جائے تو فوراً وضو کرکے اسی پر بنا کرسکتا ہے اور بہتر یہ ہے کہ از سر نو پڑھ لے، اگر دوسری مرتبہ بھی وضو ٹوٹ جائے تو پھر وضو کرکے پڑھے، اگر تیسری مرتبہ بھی وضو ٹوٹ جائے تو گھبرانے کی بات نہیں، ہمت سے کام لے اگر ایسا محسوس ہو کہ پھر فوراً وضو کرکے نماز پڑھے گا تو فوراً ہی وضو ٹوٹ جائے گا تو تھوڑا وقفہ انتظار کرلے اور جب لگے کہ اب فوراً ریح خارج نہ ہوگی تو تیزی سے وضو کرکے نماز ادا کرلے بہرحال نماز قضاء نہ کرے، اس مشقت پر اللہ کی طرف سے اجر بھی زائد ملے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند