• معاشرت >> دیگر

    سوال نمبر: 63254

    عنوان: معمولی معمولی باتوں پر خفا ہونا اور طلاق كی دھمكی دینا

    سوال: ہماری محبت کی شادی ہوئی تھی، مگر شادی کے بعد میرے شوہر کا رویہ میرے ساتھ بالکل ٹھیک نہیں ہے، چھوٹی چھوٹی باتوں پر مجھ سے غصہ ہوجاتے ہیں ، بار بار طلاق کی دھمکی دیتے ہیں، ان کا کاروبار بھی ٹھیک نہیں چل رہا ہے ، اور ان کا رویہ گھرکے کسی بندے کے ساتھ ٹھیک نہیں ہے، اس کے علاوہ ان کے باہر لڑکیوں سے ناجائز تعلقات بھی ہیں، رات رات باہر رہتے ہیں، گھر نہیں آتے ہیں ، میں کچھ پوچھ لوں تو مجھ سے بات تک کرنا چھوڑ دیتے ہیں ، میں طلاق نہیں لے سکتی ، اس لیے آپ سے گذارش ہے کہ مجھے اس مشکل کا کوئی حل بتائیں ۔ وہ ایسا کیوں کرتے ہیں؟ جو بھی وجہ ہو میں اسے دور کرنے کی کوشش کروں گی۔

    جواب نمبر: 63254

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 391-391/M=4/1437 آپ کے شوہر ایسا کیوں کرتے ہیں اس کی اصل وجہ تو وہی بتاسکتے ہیں، آپ ان کے مزاج سے پوری طرح واقف ہیں تو آپ بھی سمجھ سکتی ہیں، کاروبار ٹھیک نہ چلنا بھی اس کا ایک سبب ہوسکتا ہے، آپ شوہر کے مزاج کا خوب خیال رکھیں، جن باتوں سے ان کو ناراضگی ہوتی ہو اُن سے بچیں بشرطیکہ شرعی حکم کی خلاف ورزی لازم نہ آئے، وہ آپ سے کیا چاہتے ہیں اور کس طریقے پر رہنا پسند کرتے ہیں اس کو سمجھیں اور ویسا ہی کریں، بشرطیکہ شریعت کا حکم نہ ٹوٹے کوشش کریں کہ وہ جماعت میں نکل کر کچھ وقت لگالیں اس سے بھی تبدیلی آئے گی، ”تحفہٴ دولہا“ ایک کتاب ہے اس کو منگواکر مطالعہ کے لیے دیں، ”یَا وَدُوْدُ یاجَامِعُ“ کا وظیفہ سو مرتبہ سونے سے پہلے پڑھ کر اللہ سے دعا کیا کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے شوہر کے دل میں آپ کی محبت ڈال دے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند