• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 606808

    عنوان:

    عالم کو فقہی صلاحیت پیدا کرنے کے لیے کس طرح مطالعہ کرنا چاہیے؟

    سوال:

    بندہ عالم دین ہے ، فقہ سے دلچسپی ہے ، کس طرح مطالعہ کریں کہ فقہی صلاحیت بنے .. کس ابتدائی کتاب سے شروع کروں.. عربی زبان بھی اچھی جانتا ہوں. کون سی اردو فتاوی یا عربی فتاوی سے شروع کروں. رہنمائی کریں۔

    جواب نمبر: 606808

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:299-217/L=3/1443

     فقہی صلاحیت بنانے کے لیے اولاً آپ کسی کتاب کا انتخاب کریں مثلاً ”کتاب الطہارت“ اور پھر اس میں بھی ”باب الوضو“ کا انتخاب کریں اور ”باب الوضو“ میں بھی یہ کرسکتے ہیں کہ اولاً فرائضِ وضو کا انتخاب کریں اور پھر تعلیم الاسلام بہشتی زیور وغیرہ کتابوں سے اس بارے میں مسائل دیکھنا شروع کریں اور جب اردو کتابیں دیکھ لیں تو عربی کتابوں کی طرف رخ کریں اور عربی کتابوں میں اولاً ان کتابوں کا مطالعہ کریں جن میں جزئیات مذکور ہیں جیسے فتاوی عالمگیری، فتاوی تاتار خانیہ ، فتاوی قاضی خان، فتاوی بزازیہ، المحیط البرہانی وغیرہ ان کتابوں کے مطالعے سے آپ کو یہ علم ہوجائے گا کہ اس باب یا فصل میں اتنے مسائل مذکور ہیں اور جب ان کتابوں کا مطالعہ کرلیں تو پھر دلائل کے لیے اوپر کی کتابوں ، ہدایہ ، بدائع الصنائع، فتح القدیر ، البحر الرائق ، المبسوط للسرخسی وغیرہ کتابوں کا مطالعہ کریں ان کتابوں کے مطالعہ سے یہ فائدہ ہوگا کہ آپ تمام یا اکثر مسائل کے دلائل پر مطلع ہوجائیں گے اور اس باب یا فصل کے تعلق سے مہارت حاصل ہوجائے گی ، اور جب کسی باب یا فصل کا اس طور پر مطالعہ کرلیں تو پھر دوسرے باب یا فصل کی طرف رجوع کریں، ایک ہی مرتبہ میں مکمل کتاب کو سمجھنے کی کوشش نہ کریں، اور بہتر یہ ہے کہ ایک کا پی بھی رکھیں اور اہم مباحث کو مع حوالہ ضبط کرتے رہے ہیں، تاکہ بوقتِ ضرورت مراجعت وغیرہ میں آسانی ہو۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند