• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 602246

    عنوان:

    خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو دیکھنا

    سوال:

    فجر کی نماز پڑھ کے سوء تو خواب میں دیکھا کہ ایک سخت ناہموار زمین ہے جس میں پتھریلے ٹیلے ہیں وہاں رسول اللہ موجود ہوتے ہیں. انکا چہرہ مبارک دیکھنے سے قاصر رہی. ہمارے پیچھے ایک دیوار ہے جہاں غیر مسلم فوج قبضہ کیے ہوئے ہے . رسول اللہ وہان موجود سپاہیوں کو مار گراتے ہیں. اور بڑی جدو جہد اور مشقت سے دیوار سے نیچے اترتے ہیں. میں جب دیکھتی ہوں کہ رسول اللہ کتنی تکلیف برداشت کر رہے ہیں تو نظریں جھکا لیتی ہوں اور سر جھکا کے رونے لگتی ہوں چاہتی ہوں کہ انکے قدموں سے لپٹ جاؤں لیکن وہ آگے بڑھ جاتے ہیں. وہاں بہت سے لوگ خیمہ زن ہوتے ہیں . وہ بہت غریب اور نادار معلوم ہوتے ہیں لیکن وہ خقش و خرم ہوتے ہیں. رسول اللہ ان سے ملتے ہیں انکا حال دریافت کرتے ہیں اور وہ جوش اور خوشی سے بتا رہے ہوتے ہیں. وہ لوگ دیہاتی اور سادہ معلوم ہوتے ہیں. ان میں سے کچھ چہرے شناسا معلوم ہوتے ہیں . پھر خواب ختم ہوجاتا ہے . اول تو میں یقین کرنے سے قاصر رہی کہ رسول اللہ کو دیکھا. میں نے اس خواب سے نظریں چرا لیں. اللہ میرے گناہوں کو معاف فرمائے اور مجھے سیدھے عافیت میں لے لے ۔

    جواب نمبر: 602246

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 433-344/SN=06/1442

     خواب میں جس ہستی کو آپ نے دیکھا ہے اگر قرآئن سے آپ کو لگا ہے کہ وہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ اقدس ہیں تو آپ نے واقعتا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ہی دیکھا ہے۔ (تحفہ الالمعی وغیرہ) ، ماشاء اللہ آپ کا خواب بہت مبارک ہے، اتباع سنت کی طرف خصوصی توجہ دیں اور غرباء و مساکین کی حتی المقدور خبرگیری کیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند