عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد
سوال نمبر: 146255
جواب نمبر: 146255
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa ID: 168-130/D=2/1438
(۱) سعودی عرب کے حنبلی علماء حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام انبیاء اور اللہ کی تمام مخلوقات میں افضل مانتے ہیں یا نہیں یہ بات ان سے معلوم کرنی چاہئے البتہ حنبلی مسلک کی مستند کتاب مغنی (۲/۴۹۲، ط: قاہرہ) میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام مخلوقات میں سے افضل کہا گیا ہے نیز سعودی عرب کے سابق مفتی اعظم شیخ ابن باز کی کتاب ”فتاوی ابن باز (۱/۴۱۱، ط: ریاض ) میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اشرف الخلق، افضل الانبیاء اور سید ولد آدم کہا گیا ہے، سعودی حکومت کی طرف سے چھپی ہوئی کتاب مجموعة الرسائل والمسائل النجدیہ (ا/۵۳۵، ط: سعودیہ) میں بھی آپ علیہ السلام کو اشرف الخلق وسیدہم کہا گیا۔
(۲) مفسرین نے آیت کریمہ ”خلق الإنسان من علق“ کی تفسیر میں بنی آدم کو اشرف المخلوقات قرار دیا ہے (تفسیر وسیط: ۱۵/۴۵۴، صفوة التفاسیر: ۳/۵۵۴) اسی طرح حافظ ابن کثیر نے آیت کریمہ ولقد کرمنا بني آدم ․․․․․․ وفضلناہم علیٰ کثیر ممن خلقنا تفضیلا۔ کی تفسیر میں فرمایا ”أي من سائر الحیوانات وأصناف المخلوقات (ابن کثیر: ۵/۹۷) اور حضور علیہ السلام نے فرمایا: أنا سید ولد آدم (مسلم شریف رقم: ۲۲۷۸) میں تمام بنی آدم کا سردار ہوں، لہٰذا آیت کریمہ اور حدیث پاک کے مضمون سے یہ بات ثابت ہوئی کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم تمام مخلوقات بشمول فرشتے و انبیاء سے افضل اور اشرف ہیں اور یہی اہل السنة والجماعة کا عقیدہ ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند