• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 601291

    عنوان:

    محبت میں اپنے چھوٹے بھائی کے نام زمین رجسٹری کرادی تو کیا وہ زمین کا مالک ہوگیا؟

    سوال:

    میرے مسلہ کی وضاحت فرمائیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ بڑے بھائی نے اپنی ملکیت سے زمین کا ایک قطعہ خریدا،اور اس وقت اس کی نیت تھی کہ سب کے لئے خرید رہا ہے اس لئے زمین چھوٹے بھائی کے نام رجسٹریشن کرادی،کچھ وقت گزرنے کے بعد جب اس زمین پر گھر بنانا چاہا تو چھوٹے بھائی سے پیسوں کا مطالبہ کیا تو چھوٹے بھائی نے پورا گھر بنانے میں جتنا خرچ ہوا اس کا صرف ۱۳فیصد خرچہ دیا، اب بڑا بھائی یہ چاہتا ہے کہ زمین میں اپنے چھوٹے بھائی کو حصہ نہ دے اور اس کے بدلے میں کچھ رقم دیدے، تو اگر اب بڑا بھائی چھوٹے بھائی کو اس زمین میں سے کچھ نہ دے تو کیا وہ غاصب اور ظالم ہو گا؟ اور اگر چھوٹا بھائی اس زمین کو زبر دستی لے تو اس کے لئے اس کا لینا کیسا ہے؟

    جواب نمبر: 601291

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 364-177T/B=01/1443

     صورت مذکورہ میں بڑے بھائی نے اپنی کمائی ہوئی ملکیت سے ایک قطعہ زمین خریدی اور محبت میں اپنے چھوٹے بھائی کے نام رجسٹری بیع نامہ کرایا تو اس زمین کے مالک بڑے بھائی ہیں، کیونکہ انہوں نے اپنا ذاتی پیسہ لگایا اور خرید و فروخت کا معاملہ کیا۔ کسی وجہ سے دوسرے کے نام رجسٹری بیع نامہ کرانے سے شرعاً وہ دوسرا شخص شرعاً اس زمین کا مالک نہ ہوگا۔ اگر بڑا بھائی اس زمین میں سے چھوٹے بھائی کو کچھ نہ دے تو وہ ظالم اور غاصب نہ ہوگا۔ چھوٹے بھائی کا زبردستی زمین کو لینا ناجائز و حرام ہے۔ بڑے بھائی کو چاہئے کہ 13 فیصد چھوٹے بھائی نے تعمیر میں جو پیسہ دیا ہے مکان کی ملکیت میں اس حصہ کے بقدر اسے پیسے واپس کردے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند