• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 46511

    عنوان: ٹیسٹ ٹیوب بے بی کے بارے میں کیا حکم ہے؟

    سوال:
    کیا اسلام مذہب میں کسی بھی طرح سے ایک ایسے انسان کو ٹیسٹ ٹیوب بے بی کی اجازت دیتاہے جو کبھی بھی قدرتی طریقے سے ایک اولاد حاصل نہیں کرسکتا؟
    اور وہ دوسروں کی اولاد کو گود بھی لینا نہیں چاہتا ہے؟ کیوں کہ پیارے ہمیشہ پیارے ہی ہوتے ہیں۔ میرے دعا بھی کریں کہ اللہ تعالی مجھے ایک نیک اولاد عطا فرمائے۔

    جواب نمبر: 46511

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1185-1099/N=10/1434

    (۱) ٹیسٹ ٹیوب بے بی میں اگر میاں بیوی کے علاوہ کسی اور کا نطفہ یا بیضہ لیا جائے تو مذہب اسلام میں یہ سخت حرام وناجائز ہے، اور اگر نطفہ اور بیضہ دونوں کسی میاں بیوی کے ہوں لیکن حصول اولاد کی کاررائی میں کوئی مرد ڈاکٹر یا لیڈی داکٹر عورت کی شرمگاہ کو دیکھے یا اس میں ہاتھ وغیرہ لگائے یا داخل کرے تو شریعت میں یہ بھی ناجائز ہے۔ اور اگر خود شوہر سارا طریقہ سیکھ کر اپنا نطفہ بیوی کی بچہ دانی میں رکھے تو یہ جائز ہے، البتہ شوہر اپنا نطفہ مشت زنی کے بجائے بیوی سے صحبت کرکے عزل کے ذریعہ نکالے کیونکہ مشت زنی طبی اعتبار سے مضر ہونے کے ساتھ شرعاً ناجائز بھی ہے۔
    (۲) اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے آپ کو نیک وصالح اولاد عنایت فرمائیں۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند