• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 46036

    عنوان: لاؤڈ اسپكیر پر دعا وغیرہ پڑھوانا

    سوال: میرے گھر کے پاس ایک چھوٹا سا مدرسہ ہے ، جس میں روزانہ صبح کو چار طالب علم بڑے لاؤڈ اسپیکر پر دعا ”اعلی ہے نام تیرا ادانی زبان ہماری “ پڑھتے ہیں جو قریبا بیس پچیس منٹ چلتی ہے، میرے گھر میں بہت تیز آواز آتی ہے ، یہاں تک کہ کبھی کبھی گھر کے ممبر ایک دوسرے کی آواز بھی نہیں سن پاتے ہیں، میں نے ایک بار مولوی صاحب سے شکایت بھی کی۔ مجھے مائیگرین (درد شقیقہ) کی بیماری ہے ، آواز سر میں تیزی سے لگتی ہے ، اگر منع زیادہ زور سے کریں تو ڈر لگتاہے کہ کہیں مذہبی معاملہ نہ بن جائے ، آپ سے گذارش ہے کہ بتائیں کی یہ کہاں تک شرعاً جائز ہے؟

    جواب نمبر: 46036

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1056-1033/N=9/1434 اہل مدرسہ کا صبح مدرسہ میں آغاز تعلیم کے وقت کچھ بچوں سے لاوٴڈ اسپیکر پر دعا پڑھوانا شرعی اعتبار سے جائز عمل نہیں ہے کیونکہ اس میں ایک تو لاوٴڈ اسپیکر اور بجلی یا بیٹری وغیرہ کا بے جا استعمال ہے، دوسرے مسلمانوں کو اذیت وتکلیف پہنچانا بالخصوص بیمار لوگوں کو اور تیسرے دعا جیسی عظیم عبادت کی یک گونہ بے ادبی کا سبب بننا کیونکہ عام طور پر لوگ اس کے سننے کا اہتمام نہیں کرتے ہیں، بلکہ اپنے دیگر کاموں میں مصروف رہتے ہیں اور ایک دوسرے سے بات چیت بھی کرتے رہتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند