• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 605668

    عنوان:

    آیور کیور نامی کمپنی سے جڑ کر نفع کمانا کیسا ہے؟

    سوال:

    میرا یہ سوال یہ ہے کہ ویدک آیورکیور نامی ایک کمپنی ہے جسکے اسٹورس (سوپر مارکیٹ کی طرح)پورے انڈیا میں ای۔اسٹور انڈیا کے نام سے قائم ہے بلکہ صوبہ تلنگانہ میں بھی 21 اسٹور قائم ہوچکے ہیں۔ یہ کمپنی تقریباً 6 سال سے ہندوستان میں کام کررہی ہے اور اب بیرون ملک بھی قدم رکھنے والی ہے ۔ اس کمپنی کے ساتھ جڑنے کے لئے دو پیکیجس ہیں۔ اگر ہم 2990روپئے دے کر اپنی آئی ڈی بنالے تو کمپنی ہمیں 100روپئے کے 30 ڈسکاؤنٹ کوپن دیگی جس سے ہم اسٹور سے کوئی بھی سامان اشیاء ضروریہ جو روز مرہ کی زندگی میں استعمال کئے جاتے ہیں جیسے آٹا دال چاول وغیرہ لے سکتے ہے ۔ اسکے علاوہ کمپنی ایک ٹی شرٹ، ٹائی، ماسک، اور ٹوپی برائے تشہیر دیگی جس پر کمپنی کا لوگو چھپا ہوا ہوگا۔ اور تشہیر پر کمپنی ہم کو ماہانہ 300 روپئے دو سال تک ادا کرے گی۔ اس طرح کمپنی کی تشہیر ہوگی اور ممبر کو اسکی رقم ادا کی جائے گی۔ دوسرا پیکیج 8991روپئے کا ہے جس میں ہم کو 8991روپئے کے آیورویدک پروڈکٹس ملیں گے اور ساتھ میں کمپنی 100 روپئے کے 90 ڈسکاؤنٹ کوپن دیگی جس سے ہم اسٹور سے اپنے استعمال کی گھریلو اشیاء آٹا دال چاول وغیرہ لے سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ اس پیکیج میں کمپنی ایک فلیکسی بورڈ برائے تشہیر دیگی اور ہم اسکو کہیں بھی دوکان پر یا مکان پر لگاکر کمپنی کی تشہیر کریں گے ۔ جس پر کمپنی ہم کو بورڈ کے کرایہ کے طور پر ماہانہ 825روپئے تین سال تک ادا کرے گی۔ اسطرح کمپنی کی تشہیر ہوگی اور ہمیں اسکی رقم ادا کی جائے گی۔ ممبرشپ کے لئے کمپنی ٪33 ڈسکاؤنٹ دیتی ہیں اور عوام کے لئے ٪4 ڈسکاؤنٹ روزہ مرہ کی گھریلو اشیاء کے خریدنے پر ، مزید یہ کہ اگر ہم اس کی تشہیر کرتے ہوئے دوسروں کو بھی کسی بھی پیکیج میں اس کمپنی سے جوڑیں گے تو انکے جڑنے پر کمپنی ہمیں ایک متعین رقم معاوضہ کے طور پر ادا کرے گی۔ جتنا ہم محنت کریں گے ، چین بڑھتی جائے گی اور اسکا معاوضہ ملتا رہے گا. اور یہ بھی وضاحت کرتا چلوں کہ اس کمپنی میں ہمیں دو طرفہ جوڑنا ہے یعنی بائیں طرف اور دائیں طرف اور اگر ہم کسی تحت کے اس میں شمولیت اختیار کئے ہیں تو وہ شخص ہمارے بائیں طرف لوگوں کو جوڑتا جا رہاہے اور میں داہیں طرف لوگوں کو جوڑ رہاہوں اور کمپنی کی یہ شرط ہیکہ دونوں کو آپس میں جوڑنا ہے یعنی جب تک میں اپنے داہیں طرف نہ جوڑوں اس وقت تک مجھے رقم نہیں ملیگے ، کیا اس طرح کمپنی سے جڑ کر اور لوگوں کو کمپنی کی رکنیت دیکر کس حد تک استفادہ کیا جا سکتاہے ، میں یہاں یہ تذکرہ بھی ضروری سمجھتا ہوں کہ کمپنی سے جڑے بغیر بھی اسٹور سے سامان خریدا جاسکتا ہے ۔ براہ کرم ازروئے شرع جواب عنایت فرماکر ممنون ہوں۔

    جواب نمبر: 605668

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1005-319T/SN=12/1442

     سوال میں کمپنی کا جو طریقہ کار ذکر کیا گیا ہے، وہ متعدد شرعی قباحتوں پر مبنی ہے، مثلا خلاف مقتضائے عقد شرط، مختلف معاملات کو آپس میں گڈ مڈ کرنا اور جہالت وغیرہ ؛اس لیے اس کمپنی سے جڑ کر نفع کمانا درست نہیں ہے۔

    (و) لا(بیع بشرط)...یعنی الأصل الجامع فی فساد العقد بسبب شرط لا یقتضیہ العقد ولا یلائمہ وفیہ نفع لأحدہما أو) فیہ نفع (لمبیع) ہو (من أہل الاستحقاق) للنفع...(ولم یجرالعرف بہ و) لم (یرد الشرع بجوازہ).(الدر المختار مع رد المحتار: 7/281،مطلب فی البیع بشرط فاسد،مطبوعة:مکتبة زکریا، دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند