• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 67874

    عنوان: واقف کو تاحیات وقف کی نگرانی کا حق رہتا ہے واقف کو اس کا بھی اختیار رہتا ہے کہ وہ متولی کو معزول کردے

    سوال: عرض ہے کہ جناب ایوب صاحب نے ایک مارکیٹ بنا کر ایک مدرسہ میں وقف کیا اور مدرسہ کو اس کا متولی بنا دیا میں نے وہ مارکیٹ مدرسہ سے کرایہ پر لیا اور اس کا کرایہ میں ادا کر رہا ہوں اب واقف جناب ایوب صاحب اس مارکیٹ کو اپنی دیکھ ریکھ میں لینا چاہتے ہیں اور مجھ سے مارکیٹ خالی کرانا چاہتے ہیں جبکہ میں برابر کرایہ داری کے معاہدے کے موافق کرایہ ادا کر رہا ہوں اور مدرسہ کے متولی حضرات کو کوئی اعتراض بھی نہیں ہے۔ تو کیا ایسی صورت میں واقف کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی چیز کلی طور پر مدرسہ کے حوالے کرکے دست بردار ہوجائے اور پھر اپنی نگرانی میں لے کر کوئی تصرف کرے، شریعت کے موافق مسئلہ کا حل تحریر فرماکر ممنون و مشکور فرمائیں۔

    جواب نمبر: 67874

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 866-866/M=9/1437 واقف کو تاحیات وقف کی نگرانی کا حق رہتا ہے واقف کو اس کا بھی اختیار رہتا ہے کہ وہ متولی کو معزول کردے۔ صورت مسئولہ میں واقف (جناب ایوب صاحب) کو یہ حق ہے کہ وہ وقف کردہ مارکیٹ کو اپنی تولیت و نگرانی میں لے لے اور آپ (کرایہ دار) سے مارکیٹ خالی کرانے میں مصلحت اور وقف کا نفع ہے تو خالی کرانے کی اجازت ہے۔ ولایة نصب القیم إلی الواقف الخ قال فی البحر: قدمنا أن الولایة ثابتة للواقف مدة حیاة وإن لم یشترطہا وأن لہ عزل المتولی الخ․․ وفیہ قبلہ: وأما الواقف فلہ عزل الناظر مطلقاً بہ یفتی (شامی)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند