• عبادات >> زکاة و صدقات

    سوال نمبر: 3067

    عنوان:

    رولیکس گھڑی جس میں سونے کی پلیٹ لگی ہوئی ہیں اس پر زکاۃ ہے یا نہیں؟

    سوال:

    حافظ جالندھری نے قرآن کریم کا اردو ترجمہ کیاہے۔ براہ کرم، بتائیں کہ کیا وہ ہمارے مسلک کے ہیں؟ (۲) پانچ سال پہلے میں ایک رولیکس گھڑی خرید یتھی، کچھ سالوں سے اسے استعمال نہیں کررہاہوں۔ یہ کسی بکس میں پڑی ہوئی ہے۔ اس میں سونے کے پلیٹ لگے ہوئے ہیں،مجھے معلوم نہیں کہ ڈائل پر سونا ہے یا نہیں ۔ براہ کرم، بتائیں کہ کیا اس پر زکاة ہوگی؟

    جواب نمبر: 3067

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 322/ د= 387/ د

     

    (۱) حفیظ جالندھری اپنے شاہنامہ اسلام کے ذریعہ زیادہ متعارف و مشہور ہیں، اسکے مطالعہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اہل حق کا مسلک رکھتے ہیں، مزید ان کے حالات زندگی کی تفصیل یا ان کا ترجمہ قرآن شیرف ہماری نظر سے نہیں گذرا، آپ مقامی علمائے کرام سے ترجمہ قرآن کے بارے میں معلوم کرلیں۔

    (۲) گھڑی میں سونا اگر اس طرح لگا ہوا ہے کہ اسے علیحدہ کرنا ممکن ہے، تو آپ کے پاس دوسرے سونے چاندی کے ذریعہ یا نقد روپئے جو موجود ہوں جن کی آپ سالانہ زکاة ادا کرتے ہوں اسی میں گھڑی کے سونے کی مقدار کو بھی شامل کرکے اس کی بھی زکاة ان کے ساتھ ادا کریں اور اگر کھڑی سے جدا کرنا ممکن نہ ہو تو صرف پالش وغیرہ پر زکاة واجب نہیں ہوگی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند