• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 40344

    عنوان: قرآن کریم

    سوال: مجھے یہ معلوم کرنا ہے کہ قرآن کریم کے ۲۵ پارہ کی سورة دخان میں جو شب کا ذکر ہے وہ شب کونسی ہے ؟شب قدر جو کہ رمضان میں آتی ہے، یا شب معراج جو کہ ۱۴ شعبان ۱۵ ویں شب میں آتی ہے ؟اور اس رات کی فضیلت تفصیل سے بتائیں۔

    جواب نمبر: 40344

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1243-922/D=9/1433 سورہٴ دخان میں ” لیلة المبارکہ“ کا ذکر آیا ہے، راجح قول کے مطابق اس سے شب قدر مراد ہے جس کی فضیلت بیشمار احادیث میں وارد ہے، اور قرآن پاک میں پوری ایک سورت ”قدر“ کے نام سے نازل ہوئی ہے، جس میں اس کی فضیلت خود اللہ تعالیٰ نے بیان فرمائی ہے۔ اگرچہ بعض حضرات مفسرین نے سورہٴ دخان میں مذکور لیلة مبارکہ سے شب برأت مراد لی ہے۔ شب برأت کی فضیلت میں بعض روایات میں آئی ہے جس کا حاصل یہ ہے کہ اس رات میں اللہ تعالی بندوں کی طرف خصوصی توجہ فرماتے ہیں، توبہ کرنے والوں استغفار کرنے والوں، اپنی ضروریات کا سوال کرنے والوں کی دعائیں قبول فرماتے ہیں، اس لیے جس قدر آسانی سے ہوسکے، انفرادی طور پر ذکر تلاوت نماز میں مشغول ہوجائے اور ۱۵/ شعبان کے دن میں روزہ رکھنا مستحب ہے اس کے علاوہ پوری رات جاگنا اس کے لیے مسجدوں میں جمع ہونے کا اہتمام کرنا، قبرستان جانے کو ضروری سمجھنا، نئے کپڑے پہننے کا التزام کرنا، چراغاں کرنا، آتش بازی کرنا، حلوا بنانا یہ سب امور شریعت سے ثابت نہیں ہیں، از قبیل بدعات ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند