• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 54031

    عنوان: امام کے پیچھے فرض نماز پڑھنے کے دوران جماعت میں شامل ہونے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟

    سوال: (۱) امام کے پیچھے فرض نماز پڑھنے کے دوران جماعت میں شامل ہونے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟ (۲) وتر میں ثنا ء کے بعد کونسی آیت اور دعا پڑھی جاتی ہے؟ (۳) اگر امام کے پیچھے فرض نمازپڑھنے کے دوران ریح خارج ہوجائے اور میں صفوں کے بیچ میں ہوں جہاں سے میں وضو کرنے کے لیے نہ تو آگے جاسکتاہوں یا پیچھے ہٹ سکتاہوں ، کیوں یہ بہت سارے لوگ نماز پڑھ رہے ہیں ،تو مجھے کیا کرنا چاہئے؟

    جواب نمبر: 54031

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1137-914/D=10/1435-U (۱) امام کے پیچھے صف برابر کرکے اقتدا کریں، اگر امام نماز شروع کرچکے ہیں تو جس رکن میں امام ہو اسی میں تکبیر کہہ کر شامل ہوجائیں، مثلاً اگر امام سجدہ میں ہو تو صف میں برابر کھڑے ہوکر تکبیر تحریمہ کہہ کر ہاتھ چھوڑدیں پھر دوسری تکبیر کہتے ہوئے سجدہ میں چلے جائیں۔ (۲) پہلی رکعت میں ثنا کے بعد سورہٴ فاتحہ اور مزید ایک سورت جیسے اور نمازوں میں پڑھتے ہیں پڑھیں گے البتہ تیسری رکعت میں سورہٴ فاتحہ اور مزید ایک سورت پڑھ کر رکوع سے پہلے تکبیر کہتے ہوئے ہاتھ اٹھائیں گے اور باندھ لیں گے پھر دعائے قنوت پڑھیں گے۔ (۳) نماز ٹوٹ جائے گی حدیث میں ہے کہ ایسا شخص ناک پر ہاتھ رکھ کر صف سے باہر آجائے، اگر یہ ممکن نہ ہو تو وہیں بیٹھ جائے بعد میں وضو کرکے اپنی نماز پھر سے پڑھے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند