• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 39396

    عنوان: مفتی بہ قول امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کا ہے کہ دوسری جماعت اس مسجد میں مطلقاً مکروہ ہے

    سوال: ۱- نماز کی نیت میں یہ الفاظ کہنا ٹھیک ہے یا نہیں "پیچھے اس امام کے" کیونکہ اگر امام کا وضو ٹوٹ گیا تو اب امام بدل گیا اور اس نے اس امام کی قید لگا دی تھی واضح فرمائیں۔ ۲- جس مسجد میں جماعت ہو چکی ہو اسمیں اس جگہ سے ہٹ کر اسی مسجد میں سائڈ میں دوسری جگہ جماعت کر سکتے ہیں یا نہیں؟ ایک مولانا صاحب کہہ رہے تھے کہ سائڈ میں دوسری جگہ یا دوسرے فلور پہ یا چھت میں جماعت کر سکتے ہیں واضح فرمائیں۔ ۳- عصر کے بعد یا زوال کے وقت جنازہ کی نماز درست ہے یا نہیں؟ اسی طرح سجدہَ تلاوت درست ہے یا نہیں؟ ۴- زوال کتنے منٹ کا ہوتا ہے میں نے سنا ہے ۴۰ یا ۴۵ منٹ واضح فرما دیں۔ ۵- جہاز میں نماز کس طرح ادا کی جاتی ہے کھڑے ہو کر یا بیٹھ کر ؟ ۶- ٹرین میں نماز کس طرح ادا کی جاتی ہے؟ چونکہ اگر ہمیں پتا چل گیا کہ قبلہ فلاں طرف ہے اور ٹرین کی سیٹ نماز پڑھنے کے لئے اس وقت مناسب سمت میں نہیں ہے تو کیا اشارہ سے نماز ادا کی جائے گی یا جان بوجھ کر قبلہ سے ہٹ کر سیٹ کے حساب سے نماز پڑھ لی جائے واضح فرمائیں۔

    جواب نمبر: 39396

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1261-223/B=7/1433 پیچھے اس امام کے کہنا ضروری نہیں، کہہ لے تو اچھا ہے۔ اگر امام بدل گیا تو اصل کی جگہ اس کا خلیفہ اور نائب آگیا جس طرح نماز کی رکعت اصل امام کی اقتدا میں صحیح ہوئیں، اسی طرح بقیہ رکعتیں نائب امام کی اقتدا میں صحیح ہوئیں، نائب امام اصل امام کے حکم میں ہوتا ہے اس لیے پیچھے اس امام کے کہنے میں یہ اشکال جاتا رہا۔ (۲) مفتی بہ قول امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کا ہے کہ دوسری جماعت اس مسجد میں مطلقاً مکروہ ہے، جگہ بدل کر کرے یا دوسری تیسری منزل میں جاکر کرے۔ مولانا صاحب نے جو مسئلہ بتایا وہ حضرت امام ابویوسف رحمہ اللہ کا قول ہے، مگر وہ مفتی بہ نہیں ہے۔ (۳) عصر کے بعد نماز جنازہ اور سجدئہ تلاوت درست ہے، عین زوال کے وقت یہ دونوں چیزیں جائز نہیں، زوال کے بعد دونوں درست ہیں۔ (۴) زوال شمس ڈھائی منٹ میں ہوجاتا ہے۔ (۵) اگر کھڑے ہو کر پڑھ سکتے ہیں کوئی چکر نہ آتا ہو تو کھڑے ہوکر نماز ادا کریں۔ (۶) نماز میں قبلہ رُخ کھڑے ہونا تو نماز کے شرائط میں سے ہے اس کے بغیر تو نماز ہی نہ ہوگی، جس طرف قبلہ معلوم ہوا ہے اسی طرح اور کھڑے ہوکر پڑھنا ضروری ہے، ڈبہ میں جب اور جہاں موقعہ لگے جلدی سے پڑھ لیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند