• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 152420

    عنوان: کرسی پر نماز پڑھنا

    سوال: میری عمر ۲۸/ سال ہے، مجھے ایک بیماری (slip disc) لاحق ہے جس کی وجہ سے سیدھی ٹانگ سن ہے۔ اور میرے بائیں گھٹنے کا ڈاکٹر نے آپریشن بتا رکھا ہے۔ میرا فیسٹولہ (مقعد) بھی آپریشن ہوا ہے، ڈاکٹر نے مجھے پالتی، اُکڑوں اور زمین پر تخت وغیرہ پر بیٹھنے سے منع کیا ہے۔ اور کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنے کو کہا ہے۔ (۱) میں کرسی پر کس طرح نماز پڑھوں؟ اور (۲) کیا میں کرسی سے ٹیک لگا سکتا ہوں؟ بنا ٹیک کے درد ہونے لگتا ہے۔

    جواب نمبر: 152420

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 930-795/D=10/1438

    آپ زمین پر کسی بھی ہیئت میں بیٹھنے پر قادر نہ ہوں اس وجہ سے آپ حقیقی رکوع اور سجدہ بھی زمین پر بیٹھ کر نہیں کرسکتے تو آپ کرسی پر بیٹھ کر نماز ادا کرسکتے ہیں جائز ہے۔

    (۲) چونکہ حقیقی رکوع اور سجدہ آپ سے ساقط ہے اس لیے قیام بھی ساقط ہوگیا اب نماز شروع کرتے وقت ہی کرسی پر بیٹھ جائیں بیٹھ کر ہاتھ باندھ کر قرأت کریں، پھر اشارہ سے رکوع کریں اور اشارہ ہی سے سجدہ کریں۔

    (۲) جی ہاں ضرورت ہو تو ٹیک لگاسکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند