• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 46461

    عنوان: اگر امام صاحب کے پیچھے فرض نماز پڑھتے وقت ریح خارج ہوجائے

    سوال: اگر امام صاحب کے پیچھے فرض نماز پڑھتے وقت ریح خارج ہوجائے تو اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟اسی حالت میں کھڑے ہو کر دوبار وضو کرکے نماز وہیں سے شروع کرنی ہوگی یا دوبار شروع سے پڑھنی ہوگی؟ ا گر وہیں سے شروع کرنی ہے تو یہ بھی بتائیں کہ وضو کرتے وقت جو نماز کی رکعت نکل جائے اسے کیسے ادا کرنا ہے؟ وضو کر کے امام صاحب کے ساتھ ملنا یا پہلے جو رکعت نکل گئی وہ ادا کرنا ہے؟ چاہئے امام صاحب آخری رکعت کی التحیات میں بیٹھے ہوں؟ اور سنت واجب اور نفل نماز کے لیے کیا حکم ہے؟ یہ بھی بتائیں ، مہربانی ہوگی۔

    جواب نمبر: 46461

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1180-1144/N=10/1434 (۱) ایسی صورت میں وضو کرکے مابقیہ نماز مکمل کرنا بھی جائز ہے اور از سر نو نماز پڑھنا بھی، اور افضل از سر نو نماز پڑھنا ہے اور بہشتی زیور مدلل (۱۱:۶۹) میں ہے: چونکہ یہ مسائل باریک ہیں اور آج کل علم کی کمی ہے، ضرور غلطی کا احتمال ہے اس لیے بہتر یہ ہے کہ بنا نہ کریں، بلکہ وہ نماز سلام کے ساتھ قطع کرکے پھر از سر نو نماز پڑھیں۔ (۲) امام صاحب اگر ابھی نماز سے فارغ نہ ہوئے ہوں خواہ آخری رکعت کے تشہد میں ہوں پہلے نماز کا وہ حصہ ادا کیا جائے جو چھوٹ گیا، پھر امام کو پالیا جائے، اور نماز کا چھوٹا ہوا حصہ لاحق کی طرح ادا کیا جائے گا یعنی اس میں قراء ت نہیں کی جائے گی بلکہ قیام میں تھوڑی دیر خاموش کھڑے رہ کر رکوع میں چلا جائے، اور اگر چھوٹا ہوا حصہ ادا کرنے تک امام نماز سے فارغ ہوجائیں تو مابقیہ نماز کو بھی لاحق کی طرح ادا کیا جائے گا۔ (۳) اوپر ذکر کردہ احکام فرض، واجب اور سنت تمام نمازوں میں یکساں ہیں، کوئی فرق نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند