• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 164502

    عنوان: سورج کی تپش طلوع اور غروب کے وقت میں کمی وبیشی كیوں ہوتی ہے؟

    سوال: سورج اورزمین کی ساخت جو بھی ہے سائنس دان گول کہتے ہیں اگر یہی مان لیں تو پھر سورج جو آگ کا گولہ ہے طلوع اور غروب پر اس تپش کم اور یہاں تک کہ انسانی آنکھ بھی چند لمحات کو دیکھ لیتی ہے وہی سورج روزانہ طلوع ہونے کے بعد آہستہ آہستہ جوبن دکھاتا نصف نہار پر شدید آتش گولہ بن جاتا ہے انسانی نظر سے دیکھنا مشکل ہو جاتا ہے پھر وہی سہ پہر کو کم ہوتا ہوتا بالآخر غروب آفتاب پر ٹھنڈا ہوجاتا ہے سوال یہ ہے کہ سورج کی یہ کیفیت قرآن و حدیث کی روشنی میں کیا ہے جب سورج قیامت تک دھکتا رہے گا تو طلوع و غروب کے وقت سورج کی شدت میں کمی کیوں؟ جبکہ سورج کی ساخت وہی ہے جو رب تعالیٰ نے تخلیق کی ۔

    جواب نمبر: 164502

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1410-185T/D=1/1440

    ماہرین علم ہیئت کے مطابق زمین کی گردش دو طرح سے ہوتی ہے ایک اپنے مدار پر جسے 365 دن میں ایک چکر کے طور پر پوری کرتی جس سے سردی، گرمی کے موسم بنتے ہیں، اس بنا پر دونوں موسموں میں سورج کی تمازت (گرمی) کم اور کسی میں زیادہ محسوس کی جاتی ہے جو حصہ زمین کا سورج کے سامنے ہوتا ہے اس پر گرمی اور سخت دھوپ پڑتی ہے دوسرے حصہ اس کے برخلاف ہوتا ہے۔

    اسی طرح زمین کی ایک گردش سورج کے سامنے اپنے محور پر ہوتی ہے جس سے دن اور رات بنتے ہیں زمین کا جو حصہ سورج کے سامنے ہوتا ہے اس میں دن ہوتا اور جو اس کے مخالف سمت میں ہوتا ہے اس میں رات ہوتی ہے۔

    پھر سورج کے سامنے ہونے کا مطلب یہ نہیں پورے دن سورج کے سامنے ٹکا رہتا ہے بلکہ زمین کی حرکت کرنے کی وجہ سے بتدریج صبح سے شام تک کا وقت طے ہوتا ہے اس لیے زمین پر پڑنے والی روشنی (دھوپ) بتدریج گھٹتی اور بڑھتی رہتی ہے۔

    ارشاد خداوندی ہے : تُولِجُ الَّیْلَ فِی النَّہَارِ وَتُولِجُ النَّہَارَ فِی الَّیْلِ (آل عمران) یعنی آپ چاہتے ہیں رات کے اجزاء دن میں داخل فرماکر دن کو بڑا کردیتے ہیں اور جب چاہتے ہیں ان کے اجزاء رات رات میں داخل کرکے رات بڑی کردیتے ہیں۔

    اور یہ ظاہر ہے کہ رات اور دن کے بڑے چھوٹے ہونے کا مدار آفتاب کے طلوع وغروب اور اس کی حرکات پر ہے الخ (معارف القرآن: ۲/۴۶)

    دوسری جگہ ارشاد ہے: یُقَلِّبُ اللَّہُ الَّیْلَ وَالنَّہَارَ (سورة النور، آیت: ۴۴)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند