• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 1099

    عنوان:

    میں نے چار پانچ خواب دیکھے ہیں ، ان کی تعبیر جاننا چاہتاہوں۔

    سوال:

    میں نے چار پانچ خواب دیکھے ہیں ، ان کی تعبیر جاننا چاہتاہوں۔

    (1) میں عموماً دیکھتا ہوں کہ میں اپنے گھر کے افراد کے سامنے بالکل ننگا ہو ں اور عریانیت کے احساس کے بغیر روزمرہ کے تمام کام کررہا ہوں ۔ کچھ دیر کے بعد مجھے احساس ہوتا ہے لیکن اس سے مجھے کسی پریشانی کا احساس نہیں ہوتا۔

    (2) میں عموماً دیکھتا ہوں کہ امامت کررہا ہوں یا جماعت کے ساتھ نماز پڑھ رہا ہوں۔ لیکن اس کے بعد نماز میں کوئی غلطی پیش آجاتی ہے اور پوری جماعت متاثر و پریشان ہوجاتی ہے۔

    (3) میں گذشتہ دنوں میں یہ خواب مسلسل دیکھتا رہتا تھا کہ میں خود کو ذبح کررہا ہوں۔

    (4) دو بار میں نے خواب میں دیکھا کہ والدہ کے ساتھ زنا کررہا ہوں۔ ایک بار تو وہ میرے والد کا نام لے رہی تھیں لیکن میرے پاس تھیں۔

    (5) میں نے ۲۰۰۳ء کے ماہ اپریل -جون میں خواب دیکھا کہ ایک بزرگ مجھے ہر فرض نماز کے بعد درود شریف پڑھنے کو کہہ رہے ہیں۔ میں نے ایسا کیا، لیکن ان سے شکایت کی کہ اس میں وقت بہت لگتا ہے، تو انھوں نے کہا کہ کوئی مختصر درود جو یاد ہوپڑھ لیا کر۔

    (6) ۱۹۹۵ء میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک گھر میں ہوں جو شادی میں آنے والے مہمانوں سے بھرا ہوا ہے۔ پھر ایک بزرگ نے مجھے بتایا کہ کزن بہنوں میں سے ایک سے (جو اس وقت BDSکررہی تھی) میری شادی ہونے والی ہے۔ میں نے ان سے کہا کہ اس کا کورس تین سال کا ہے ، اس کے بعد ہی اس کی شادی ہوگی ، جب کہ میں پڑھ رہا ہوں (اس وقت میں BScسال اول میں تھا)۔ انھوں نے کہا نہیں تمہاری شادی اسی سے ہوگی۔ میں نے پھر وہی بات کہی ۔ انھوں نے پھر اپنا جواب دہرایا۔ ایسا تین بارہوا۔ اس خواب کے بعد میں نے صرف ایک بار خواب دیکھا کہ اس کے ساتھ نکاح کررہا ہوں جب کہ تین چار بار دیکھا کہ دوسری لڑکی سے میری شادی ہورہی ہے۔ اس خواب کے بعد میں اسے چاہنے لگاتھا اور ۲۰۰۳ء اور ۲۰۰۴ء میں اس کو رشتہ بھی بھیجا ، لیکن اس نے انکار کردیا۔ اب ایک دوسری لڑکی سے میرا رشتہ طے پاگیا ہے۔ جلدہی اس سے میری شادی ہونے والی ہے۔ میں متردد ہوں، میری مدد فرمائیں۔

    (7) وقفہ وقفہ سے میں کچاگوشت خواب میں دیکھتا ہوں، کبھی قصاب کی دکان پر کبھی کہیں اور۔

    جواب نمبر: 1099

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى:  1142/هـ = 855/هـ)

     

    تمام خوابوں کی تعبیر یہ ہے کہ آپ کے اندر دینی امور میں جماوٴ نہیں۔ عامة کاہلی سستی لگی رہتی ہے، زندگی کے تمام شعبوں میں اتباعِ سنت ملحوظ رکھئے اور چھوٹے بڑے تمام گناہوں سے بچتے رہنے میں سعی بلیغ کیجیے اللہ پاک تمام مکارہ سے محفوظ رکھے، سعادت دارین کی دولت سے مالا مال فرمائے آمین۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند