• معاملات >> دیگر معاملات

    سوال نمبر: 37825

    عنوان: موبائیل اور کمپیوٹر کے بارے میں معلومات

    سوال: بعد از سلام، اللہ کے فضل سے میں ٹھیک ہوں اور آپ سب کی خیریت اللہ سے نیک چاپتا ہوں محترم مفتی صاحبان۔ میں اپنے کاروبار کے بارے میں کچھ معلومات لینا چاہتا ہوں میرا کاروبار کمپیوٹر اور موبائل وغیرہ سے منسلک ہے، میں کمپیوٹر اور موبائیل کی ریپیئرنگ کرتا ہوں۔میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ ہم لوگ جو ونڈو استعمال کرتے ہیں عام بازار سے 30روپے کی سی ڈی لے کر کیا وہ جائز ہے؟ جبکہ اوریجنل کافی مہنگی ہے اور میرے پاس اتنے پیسینہیں کہ وہ خرید سکوں اور اس کے علاوہ اور کوئی کام بھی نہیں کرسکتا۔ براہ مہربانی میری راہنمائی فرمائیں کہ میں کیا کروں ؟کیا میں یہ کام کر سکتا ہوں یاچھوڑ دوں ؟کیوں کہ میرا اور کوئی ذریعہ معاش نہیں ہے۔ نمبر2:-کیا موبائیل کی انلاکنگ یعنی انٹری کوڈ مطلب لوک توڑنا جائز ہے؟

    جواب نمبر: 37825

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 557-86/B=4/1433 آج کل مائیکروسافٹ کمپنی کی اوریجنل سی ڈی بمشکل ۲ فیصد لوگ استعمال کرنے والے ہوں گے ۹۸ فیصد لوکل سی ڈی ہی استعمال کرتے ہیں اور کمپنی کو بھی اس کا علم ہے مگر یہ ایسا ابتلاء عام ہے کہ کمپنی اگر اپنے قانون کی خلاف ورزی پر کیس بھی کرنا چاہے تو اَن گنت لوگوں پر کیس کرنا اس کے لیے مشکل ہے اس لیے کمپنی خاموش ہے، اس کی خاموشی دلالةً اس کی طرف سے یک گونہ اجازت تصور کی جائے گی، لہٰذا آپ کے لیے کم پیسوں میں لوکل سی ڈی لے کر انٹرنیٹ میں ونڈوز استعمال کرنے کی گنجائش ہے۔ (۲) جب آپ نے موبائل خریدلیا تو آپ اس کے مالک ومختار ہوگئے، اس کی مرمت کرانے، اس کے پرزے بدلوانے اور اس کی سم بدلوانے میں بھی آپ خود مختار ہیں، شرعاً اس میں کوئی قباحت نہیں، اگر آپ نے ٹاٹا کمپنی کا موبائل خریدا اور اس کا لوک توڑدیا تاکہ اس میں رِلائنس کا سم میں لگایا جاسکے، تو اس میں بھی شرعاً کوئی حرج نہیں ہے۔ آپ اپنے مملوکہ موبائل میں اس طرح کا تصرف کرسکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند