• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 56954

    عنوان: عدت کی حالت میں عورت سے نکاح کرنے والی كی پارٹی میں شركت

    سوال: ایک مرتبہ کی بات ہے کہ میراایک دوست ایک شادی شدہ عورت سے محبت کرتا تھا ، لیکن اب اس کو اس کے شوہر نے طلاق دیدی اور بعد میں میرے دوست نے اس عورت سے کورٹ میں شادی بھی کرلی۔ میں جانتاہوں کہ عدت پوری ہونے سے پہلے نکاح کرنا حرام ہے کیوں کہ ابھی طلاق پوری نہیں ہوئی ہے، انہیں الگ رہناچاہئے مگر وہ دونوں میاں بیوی کی طرح رہ رہے ہیں جو کہ حرام ہے۔ اب میرا دوست ڈنر پارٹی (رات کا کھانا) کا انتظام کرنے جارہا ہے اور اس نے مجھے پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے، لیکن میں تذبذب میں ہوں، اور اللہ سے ڈر رہا ہوں۔ براہ کرم، بتائیں کہ کیا میں دعوت کو قبوکرتے ہوئے پارٹی میں شامل ہوجاؤں؟براہ کرم، شریعت کی روشنی میں بتائیں۔

    جواب نمبر: 56954

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 157-134/D=2/1436-U عدت کی حالت میں عورت سے نکاح کرنا حرام ہے، یہ نکاح شرعاً صحیح نہیں ہوا، لہٰذا دونوں کا میاں بیوی کی طرح ایک ساتھ رہنا بھی حرام ہے، آپ اپنے دوست کو اس حقیقت سے آگاہ کردیں تاکہ وہ شریعت کے مطابق صحیح طور پر نکاح کرلے۔ ”کورٹ میرج“ کے ذریعہ بھی اکثر نکاح نہیں ہوتا لہٰذا جو نکاح کا جائز شرعی طریقہ ہے اس طریقہ سے نکاح کرے تاکہ دونوں کا ساتھ رہنا جائز ہوجائے۔ موجودہ حلت میں اس کے ڈنر میں آپ شرکت نہ کریں تاکہ اس کے عمل قبیح پر اظہار ناراضگی اور برأت ہوجائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند