• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 24374

    عنوان: میرا نام ساجد ہے،میں ایک مسئلہ معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ رمضان المبارک کے بعد میری شادی ہے،ہم تین بھائیوں کا ایک ساتھ نکاح ہونا ہے۔میرے گھر والے دیندار ہیں ، لیکن اتنا بھی نہیں، میرے گھر میں گانا بھجن ہوگا، کیا میں اسے روک سکتاہوں؟ میں چاہتا ہوں کہ قرآن کریم کی آیات کی ایم پی تھری ۳/(موسیقی آلہ ) لگاؤں ، کیا میں یہ لگا سکتاہوں؟براہ کرم،مجھے کچھ ایسا بتائیں کہ مجھ سے کوئی غلطی نہ ہو، کچھ تو کوشش کرنا چاہئے؟ براہ کرم، بتائیں کہ میں کیا کروں؟ میں آپ رہنمائی کا طلب گار ہوں۔

    سوال: میرا نام ساجد ہے،میں ایک مسئلہ معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ رمضان المبارک کے بعد میری شادی ہے،ہم تین بھائیوں کا ایک ساتھ نکاح ہونا ہے۔میرے گھر والے دیندار ہیں ، لیکن اتنا بھی نہیں، میرے گھر میں گانا بھجن ہوگا، کیا میں اسے روک سکتاہوں؟ میں چاہتا ہوں کہ قرآن کریم کی آیات کی ایم پی تھری ۳/(موسیقی آلہ ) لگاؤں ، کیا میں یہ لگا سکتاہوں؟براہ کرم،مجھے کچھ ایسا بتائیں کہ مجھ سے کوئی غلطی نہ ہو، کچھ تو کوشش کرنا چاہئے؟ براہ کرم، بتائیں کہ میں کیا کروں؟ میں آپ رہنمائی کا طلب گار ہوں۔

    جواب نمبر: 24374

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 1209=248k-8/1431

    نکاح کی تقریب سادی رکھیں اور نکاح مسجد میں کریں حدیث میں ارشاد ہے اعلنوا بالنکاح واجعلوہ فی المساجد یہ سنت آج متروک ہورہی ہے، اس لیے بہت سارے خرافات میں ابتلا ہورہا ہے، گانا بھجن کرنا گناہ کبیرہ ہے، اس سے خود بھی بچیں اوردوسروں کو بھی بچائیں۔ قرآن شریف کو موسیقی کے آلہ پر سننا بھی جائز نہیں، نیز اس سے قرآن کی بے ادبی لازم آئے گی کہ ایسے لوگوں کو سنانے کی کوشش کی جائے گی جو باادب بیٹھ کر بالقصد اس کے سننے کا ارادہ نہیں رکھتے اور تلاوت قرآن یا اسکا سننا ایک عبادت ہے، عبادت کو کھیل تفریح کا ذریعہ بنانا حرام ہے، لہٰذا اس کے اختیار کرنے سے بھی احتراز کیا جائے۔
    جیسا کہ شروع میں لکھا گیا، شادی سادی رکھیں، فخر ونمود کے کام سے بچیں اور امور محرم یا غیرمشروع سے احتراز کرنے کی کوشش کریں، گھر کے ذمہ داروں کو بھی ان غیر مشروع چیزوں سے بچنے کی تلقین کریں۔
    اصلاح الرسوم موٴلفہ حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ اور انھیں کی دوسری تصنیف ”اسلامی شادی“ کا مطالعہ کریں، نیز اس حدیث کو پیش نظر رکھیں اور گھر کے لوگوں کو اس حدیث پر عمل کی ترغیب دیں، أفضل النکاح برکة أیسرہ موٴنةً سب سے برکت والا نکاح وہ ہوتا ہے جس میں زیرباری (اخراجات) کم سے کم ہوتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند