• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 149757

    عنوان: اسپرٹ اگر كپڑوں كو لگ جائے تو كیا نا پاك ہوجائے گا؟

    سوال: انجکشن دینے سے پہلے اسپرٹ (SPIRIT )سے جسم کے حصہ صاف کیا جاتاہے تو کیا یہ پاک ہے یا ناپاک ؟اور اگر یہ ہمارے کپڑے کو لگ جائے تو کیا اس سے کپڑا ناپاک ہوجائے گا؟اس کپڑا کو پہن کر نماز پڑھنے کا کیا حکم ہے؟

    جواب نمبر: 149757

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 628-602/N=6/1438

    (۱- ۳) : انجکشن سے پہلے انجکشن لگنے کی جگہ صاف کرنے کے لیے جو اسپرٹ استعمال کیا جاتا ہے، تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اس میں کھجور یاانگور سے تیار شدہ الکحل نہیں ہوتا ؛ اس میں شامل کیا جانے والا الکحل گنے کا رس، مختلف دانوں، سبزیات اور کوئلہ وغیرہ سے تیار شدہ ہوتا ہے اور اس طرح کا الکحل حضرات شیخین: امام ابوحنیفہاور امام ابو یوسفکے مسلک کے مطابق حرام وناپاک نہیں کذا في عامة کتب الفقہ والفتاوی۔ اوردور حاضر میں علاج ومعالجہ کی ضرورت اور عموم بلوی کی وجہ سے محققین علمائے کرام نے اس مسئلہ میں اصل اصول کے مطابق شیخینکے قول کو راجح قرار دیا ہے؛ کیوں کہ جس علت کی بنا پر ماضی میں علمائے کرام نے امام محمدکے قول کو راجح قرار دیا گیا تھا، وہ دور حاضر میں کھجور اور انگور کے علاوہ دیگر چیزوں سے تیار شدہ الکحل میں نہیں پائی جاتی (تفصیل کے لیے دیکھیں: تکملة فتح الملھم۱: ۵۱۵، ۵۱۶، ۵۰۶، ۵۰۷، مطبوعہ: دار إحیاء التراث العربی بیروت، احسن الفتاوی ۲: ۹۵، مطبوعہ: ایچ ایم سعید کمپنی، کراچی، اختری بہشتی زیور مدلل ۹: ۱۰۲، مطبوعہ: کتب خانہ اختری متصل مظاہر علوم سہارن پوراورفتاوی نظامیہ ۱: ۴۳۸وغیرہ) ؛ اس لیے انجکشن کے موقعہ پر جو اسپرٹ استعمال کیا جاتا ہے، وہ ناپاک نہیں ہے، وہ اگرکپڑے میں لگ جائے یا جسم کے جس حصے میں لگے گا وہ ناپاک نہ ہوگا، اس کپڑے کو پہن کر اور جسم کے اس حصہ کو دھوئے بغیر نماز پڑھ سکتے ہیں، نماز ہوجائے گی۔ اور اگر کوئی شخص دھولے تو اچھی بات ہے، لازم وضروری نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند