• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 601812

    عنوان:

    کیا جمعہ كے دن غسل کرنے سے اگلے جمعہ تک گناہوں سے پاكی رہتی ہے؟

    سوال:

    کیا جمعہ کے دن غسل کرنے سے انسان اگلے جمعہ تک گناہوں کی گندگی سے پاک رہتا ہے اس طرح کی بات آج کل سوشل میڈیا پر نشر کی جارہی ہے اور حوال ابن حبان کا دیا جارہا ہے؟

    جواب نمبر: 601812

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 427-313/B=05/1442

     جی ہاں، اس طرح کی حدیث ”ابن حبان“ میں آئی ہوئی ہے۔

    پہلی حدیث وضو کے بارے میں آئی ہوئی ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن وضو کرے اور اچھی طرح وضو کرے پھر جمعہ کے لیے آئے اور خاموشی کے ساتھ خطبہ سنے تو اس کے لیے ایک جمعہ سے دوسرے جمعہ تک گناہ معاف کردئے جاتے ہیں اور مزید تین دن کے گناہ بھی معاف کر دئے جاتے ہیں۔

    حدیث کے الفاظ یہ ہیں: عن أبي ہریرة قال، قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ”من توضأ فأحسن الوضوء ثم اتی الجمعة فسمع وأنصت غفر لہ ما بین الجمعة إلی الجمعة وزیادة ثلثة أیامٍ ومن مس الحصی فقد لغا“ (صحیح ابن حبان، ج: 7/18) ، (إسنادہ صحیح علی شرط البخاری) ۔

    ایک دوسری روایت اسی طرح کی غسل کے بارے میں بھی آئی ہے کہ جس شخص نے جمعہ کے دن غسل کیا اور اچھی طرح غسل کیا اور اچھے کپڑے پہنے، اور خوشبو لگائی تو ایک جمعہ سے دوسرے جمعہ تک اس کے گناہ معاف کردیے جاتے ہیں اور مزید تین دن کے گناہ بھی معاف کردیے جاتے ہیں۔

    حدیث کے الفاظ یہ ہیں: عن أبی ہریرة قال، قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم من اغتسل یوم الجمعة فأحسن غسلہ ولبس من صالح ثیابہ ومس من طیب بیتہ أو دُہنہ غفر لہ ما بینہ و بین الجمعة الآخرین وزیادة ثلاثة أیام ، من التی بعدہا“ ۔ (صحیح ابن حبان، ج: 7/19) (إسنادہ صحیح علی شرط مسلم)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند