• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 606393

    عنوان:

    کیا ازواج مطہرات کے جنتی ہونے کی بشارت ہے؟

    سوال:

    امید ہے کہ آپ اللہ کی لامحدود رحمت سے خیریت سے ہوں گے ۔ میرا سوال یہ ہے کہ کچھ بھائی یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ جن کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جنت میں ہونے کا اعلان نہیں کیا انہیں جنت میں یقینی نہیں کہا جا سکتا۔ اس صورت میں کیا ہم ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو یقینی جنت کہہ سکتے ہیں؟ چونکہ یہ غیب کا معاملہ ہے ۔ اگر اس کے جنت میں ہونے کے بارے میں کوئی حدیث ہوتی تو مجھے بہت فائدہ ہوتا۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 606393

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 186-125/D=02/1443

     ازواج مطہرات کے لئے سب سے بڑی شرافت اور کرامت کی بات یہ ہے کہ وہ دنیا اور آخرت دونوں جگہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج ہیں، لہٰذا جس طرح وہ دنیا میں آپ کی خلوتوں کی ہمنشین اور آپ کے حرم خاص کی زینت رہیں اسی طرح آخرت میں بھی ان کو ہُمْ وَأَزْوَاجُہُمْ فِیْ ظِلاَلٍ عَلَی الْأرَائِکِ مُتَّکِئُوْنَ (یٰس: 56)۔ ترجمہ: وہ اور ا ن کی بیویاں سائے میں مسہریوں پر تکیہ لگائے بیٹھے ہوں گے۔

    کے بموجوب وہ مقام ومرتبہ ملے گا جہاں تک کسی اور کی رسائی بھی نہ ہوگی نیز خاص حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کے بارے میں ترمذی شریف کی روایت میں ہے کہ حضرت جبرئیل نے آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم سے فرمایا: یہ دنیا اور آخرت میں آپ کی بیوی ہیں۔ عن عائشة ان جبرئیل جاء بصورتہا فی خرقة حریر خضراء الی النبی صلی اللہ علیہ وسلم فقال: ہذہ زوجتک فی الدنیا والآخرة۔ اس میں حضرت عائشہ کا جنت میں ہونا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہونا صراحةً مذکور ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند