• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 611856

    عنوان: ترمذی اور ابوداؤد كی معتبر شروحات

    سوال:

    سوال : کیا فرماتے ہیں مفتیان اکرام تحفۃ الاحوزی شرح الجامع الترمذی (عبدالرحمن مبارکپوری) اور عون المعبود شرح سنن ابی داؤد (صدیق عظیم آبادی)کی کیا یہ دونوں معتبر شروحات ہیں اگر نہیں تو ترمذی اور ابی داؤد کی معتبر عربی اردو شروحات کے نام بتا دیں اور ساتھ ہی ساتھ سنن نسائی ابن ماجہ اور مؤطا امام مالک کی معتبر عربی اردو شروحات کے نام بتا دیں جو جامع اور معتبر ہو۔

    جواب نمبر: 611856

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1195-989/B=10/1443

     تحفۃ الاحوذی اور عون المعبود دونوں شرحیں غیرمقلد كی لكھی ہوئی ہیں۔ حضرت امام اعظم ابوحنیفہ رحمہ اللہ كی تردید میں بہت غیرمہذب الفاظ سے استعمال كیے ہیں‏، جو اہل علم كی شان كے خلاف ہیں۔ تحفۃ الاحوذی كی جگہ المسك الشذی دیكھئے جو بہت مستند اور معتبر كتاب ہے‏، اور ممالك عربیہ اور ممالك اسلامیہ میں كافی مقبول ہے‏، اور عون المعبود كی جگہ بذل المجہود دیكھئے‏، یہ كتاب ایسی عمدہ كتاب ہے كہ متاخرین كے دور میں ایسی عمدہ كتاب نہیں لكھی گئی‏، یہ محدث كبیر حضرت مولانا خلیل احمد صاحب سہارنپوری كی لكھی ہوئی‏، اور المسلك الشذی شیخ حبیب الرحمن خیرآبادی كی لكھی ہوئی ہے‏، اور سنن نسائی كی شرح الفیض السماوی كا مطالعہ كریں‏، یہ بھی بہت عمدہ شرح ہے‏، یہ سید محمد عاقل صاحب شیخ الحدیث مظاہر علوم سہارنپور كی لكھی ہوئی ہے‏، اور مؤطا امام مالك كی سب سے عمدہ شرح اور معتبر و جامع اوجزالمسالك ہے جو شیخ الحدیث حضرت مولانا زكریا مہاجر مدنی كی ہے۔ ان كتابوں سے حدیث كی تمام كتابیں آسان ہوجائے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند