• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 63255

    عنوان: میرا پڑھائی میں دل نہیں لگتا، اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ میں نالائق اور کام چور ہوں ، مگر ایسا نہیں ہے، میں پڑھنا چاہتی ہوں ،مگر جب بھی پڑھنے بیٹھتی ہوں تو کچھ یاد نہیں ہوتا

    سوال: میرا پڑھائی میں دل نہیں لگتا، اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ میں نالائق اور کام چور ہوں ، مگر ایسا نہیں ہے، میں پڑھنا چاہتی ہوں ،مگر جب بھی پڑھنے بیٹھتی ہوں تو کچھ یاد نہیں ہوتا، اور کبھی یاد ہوبھی جائے تو جلد بھول جاتی ہوں ، میں جب پڑھنے بیٹھوں تو دل کرتاہے کہ بس کوئی ایک وجہ مل جائے کہ میں کتابیں بند کردوں؟ جب کہ میری خواہش ہے کہ میں ایک کامیاب انسان بنوں اور اعلی تعلیم حاصل کروں ۔ میں اپنے حافظے کی تیزی اور پڑھائی میں دلچسپی کے لیے کیا کروں؟

    جواب نمبر: 63255

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 345-345/M=4/1437-U اعلیٰ تعلیم سے معلوم نہیں کونسی تعلیم مراد ہے؟ دین کا ضروری علم سیکھنا واجب ہے، جس تعلیم کا حصول ضروری نہیں اس میں اگر دلچسپی پیدا نہیں ہورہی ہے تو فکر کی بات نہیں، سوال میں یہ بھی واضح نہیں کہ آپ عمر کی کس منزل میں ہیں؟ ہرعمر میں شوق وجذبہ یکساں نہیں ہوتے، بہرحال حافظہ کی تیزی کے لیے گناہوں سے بچیں، تلاوت کا اہتمام کریں، مسواک کیا کریں اور گاہے گاہے روزہ بھی رکھ لیا کریں، نیز نسیان پیدا کرنے والی چیزوں سے بچیں جیسے دنیاوی ہموم وغموم میں مبتلا رہنا، ٹھہرے ہوئے پانی میں اور غسل خانہ میں ا ستنجاء کرنا، استنجاء کی جگہ میں وضو کرنا، شرمگاہ کی طرف دیکھنا، کثرت سے مذاق کرنا وغیرہ وغیرہ ان چیزوں سے خود کو بچائیں اور جو کچھ پڑھیں یا یاد کریں اس کو روزانہ دہرالیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند