• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 5734

    عنوان:

    دعا کے مکمل آداب بتا دیں۔

    سوال:

    دعا کے مکمل آداب بتا دیں۔

    جواب نمبر: 5734

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 333=333/ م

     

    دعا کے آداب مختلف احادیث میں وارد ہوئے ہیں، ان احادیث کی پوری عبارت نقل کرنے کے بجائے صرف مضمون حدیث پر اکتفاء کیا جارہا ہے، وہ آداب یہ ہیں:

    (۱) دعا پاک و صاف باوضو ہوکر کرے(۲) دعا کے وقت رخ قبلہ کی طرف ہو (۳) دعا سے پہلے کوئی نیک کام کرے (۴) دو زانو ہوکر بیٹھے (۵) دعا کے اول و آخر میں اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کرے، اسی طرح اول و آخر میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود شریف بھیجے (۶) دعا کے وقت دونوں ہاتھ پھیلائے اور دونوں ہاتھوں کو مونڈھوں کے برابر اٹھائے (۷) اپنی محتاجگی وعاجزی کا اظہار کرے (۸) آسمان کی طرف نظر نہ اٹھائے (۹) اللہ تعالیٰ کے اسمائے حسنیٰ اور صفات عالیہ ذکر کرکے دعا کرے (۱۰) دعا میں قافیہ بندی کے تکلف سے بچے (۱۱) جس قدر ممکن ہو حضور قلب کی کوشش کرے اور قبولیت کی امید قوی رکھے (۱۲) دعا میں الحاح و اصرار کرے (۱۳) کسی گناہ یا قطع رحمی کی دعا نہ کرے (۱۴) کسی محال چیز کی دعا نہ کرے (۱۵) اللہ تعالیٰ کی رحمت کو صرف اپنے لیے مخصوص نہ کرے (۱۶) دعا میں اول اپنے لیے دعا کرے پھر اپنے والدین اور دوسرے مسلمان بھائیوں کو شریک کرے (۱۷) دعا کے بعد آخر میں آمین کہے اور دونوں ہاتھ اپنے چہرے پر پھیرلے (۱۸) مقبولیت دعا میں جلدی نہ کرے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند