• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 495

    عنوان: میری قوت حافظہ بہت کمزور ہے اگر کچھ یاد کروں اور روزانہ نہ پڑھوں تو بھول جاتا ہوں‏، مجھے کیا کرنا چاہیے؟

    سوال:

    مجھے ایک مسئلہ درپیش ہے۔ میری قوت حافظہ بہت کمزور ہے ، حتی کہ میں قرآن کی چھوٹی آیت سو بار پڑھنے کے بعد بھی یاد نہیں رکھ پاتا۔ کبھی کبھی جب کچھ دنوں میں قرآن پاک سے کچھ یاد کرتا ہوں ، اگر اسے روزآنہ نہ پڑھوں تو بھول جاتا ہوں۔ آپ سے اس سلسلے میں مدد کی درخواست ہے۔

    جواب نمبر: 495

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 16/د=11/د)

     

    تلاوت قرآن کا اہتمام کریں اور خاص طور پر جو سورتیں یاد ہیں ان کو اکثر زبانی اور دیکھ کر پڑھنے کا معمول رکھیں، قرآن پاک آسانی سے یاد ہوجاتا ہے لیکن اگر بار بار پڑھ کر اس کو یاد رکھنے کی کوشش نہ کی گئی تو بہت جلد بھول جاتا ہے۔ احادیث میں جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قرآن پاک پڑھنے اور یاد کرنے کی فضیلتیں بیان فرمائی ہیں، بے شمار احادیث میں اس کی یاد باقی رکھنے کی تاکید بھی فرمائی ہے۔

     

    ارشاد فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ قرآن پاک کو خوب پابندی سے پڑھو اور یاد رکھو وہ بہت تیزی سے ذہن سے نکل جاتا ہے جیسے اونٹ اپنے نکیل میں سے تیزی سے نکل بھاگتا ہے۔ (مشکوٰة: ص:۱۹۰)

     

    ایک دوسری حدیث میں ارشاد فرمایا کہ صاحب قرآن (جس کو قرآن کا کچھ حصہ یاد ہے) کی مثال نکیل پڑے ہوئے اونٹ کے مالک کی طرح ہے اگر مالک اونٹ کو پکڑے رہے اس کی نگرانی کرتا رہے تو پاس رہے گا اور اگر چھوڑدیا تو بس بھاگ جائے گا۔ (مشکوٰة: ص:۱۹۰)

     

    گناہوں سے احتیاط اور استغفار کی کثرت کے ساتھ یہ دعا نماز کے بعد پڑھ لیا کریں: رب زدني علمًا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند